ملتان ماں کے ساتھ کمسن بچی بھی حوالات میں بند
سی پی او نے واقعے کا نوٹس لیکر نائٹ محرر اور تفتیشی افسر کو معطل کردیا، مقدمہ درج کرنے کا حکم
تھانہ سیتل ماڑی میں پولیس نے ماں کے ساتھ کمسن بچی کو بھی حوالات میں بند کردیا۔
تھانہ سیتل ماڑی پولیس نے بدنام زمانہ منشیات فروش یاسر کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا لیکن وہ نہ مل سکا، پولیس نے ملزم کی بیوی فہیم بی بی سے 600 گرام چرس برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
ملزمہ کو جب حوالات میں بند کیا گیا تو اس کے ساتھ اس کی 7 سالہ بیٹی بھی تھی، والدہ کے اصرار پر بچی کو بھی ساتھ بٹھا دیا گیا۔
بچی کو حوالات میں بند کرنے کی اطلاع پر سی پی او ملتان صادق علی نے سخت ایکشن لیتے ہوئے نائٹ محرر خدا بخش کو معطل کر کے مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ تفتیشی افسر سب انسپکٹر اصغر علی کو بھی معطل کر کے چارج شیٹ کر دیا گیا۔
سی پی او ملتان نے ایس ایچ او تھانہ کو بھی چارج شیٹ کرتے ہوئے ایس ڈی پی او نیو ملتان ڈاکٹر انعم تجمل کو تمام معاملات کی انکوائری کر کے فوری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔
سی پی او ملتان کا کہنا ہے اس معاملہ کی انکوائری کر کے ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔