خوابوں کی تعبیر
آپ کے خوابوں کی تعبیر اور ان کا دلچسپ مجموعہ
گھر میں تنہا اور خوفزدہ ہونا
نیر بخاری ، جہلم
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میرے گھر والے سب کہیں گئے ہوئے ہیں اور میں گھر اکیلا ہوں ۔ دور دور تک بہت اندھیرا ہے اور ہمارا گھر بھی شدید ترین اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے۔ یہ دیکھ کر میں بہت پریشان ہوتا ہوں اور گھبرا کے ٹیرس پہ آتا ہوں ، وہاں میری نظر گھر کے گیٹ پر پڑتی ہے جو کہ بالکل چوپٹ کھلا ہوتا ہے۔ اس کو دیکھ کر میں مزید گھبرا جاتا ہوں اور پریشانی کی وجہ سے میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے۔ بیماری یا تعلیمی سلسلے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے۔ کاروباری معاملات میں کسی غیریقینی صورتحال کا سامنا ہونے کا امکان ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی۔ ممکن ہو تو کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں۔
بہت زیادہ دولت کی خواہش
ناصر محمود،کراچی
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں بیٹھا پیسے گن رہا ہوں مگر گننے کے بعد میں بہت اداس ہو جاتا ہوں اور میرا دل کرتا ہے کہ میں کہیں کسی کے پیسے اٹھا لوں کیونکہ میرا دل کرتا ہے کہ میرے پاس بہت زیادہ پیسے ہوں۔
تعبیر: یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ آپ کا دماغ بہت زیادہ دنیا داری میں لگا ہوا ہے۔ اور زیادہ تر وقت پیسوں اور دنیا کے متعلق سوچتے ہوئے گزرتا ہے۔ بہتر ہے کہ اس دنیا داری کو ذہن سے نکال کر اللہ کی طرف دھیان لگائیں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں۔ رات کو سونے سے پہلے سیرت النبی کا مطالعہ کیا کریں جو کہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے ۔کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔
پریشان ہونا
نیر احمد، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں بہت پریشانی کے عالم میں ہوں ۔ کیونکہ میرے گھر میں حفاظت سے رکھے پیسے کہیں گم ہو گئے ہیں ۔ اور وہ جن کو دینے ہیں وہ سب لوگ مجھ سے تقاضا کر رہے ہیں کہ وقت پہ ان کی ادائیگی کروں۔ میں بہت پریشانی میں ہر جگہ چھان رہا ہوں کہ آخر پیسے کدھر گئے۔
تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی غم یا خوف مسلط ہو سکتا ہے ۔کاروبار میں رکاوٹ آ سکتی ہے۔ رزق میں بھی اس کی وجہ سے کمی ہو سکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔
خوفزدہ ہونا
شیریں خان ، اسلام آباد
خواب: میں نے دیکھا کہ جیسے کوئی پہاڑی علاقہ ہے اور ادھر ایک شیر ہے جو میرے پیچھے ہے اور میں اس سے خوفزدہ ہوں اور بچنے کے لئے بھاگ رہی ہوں ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی۔
تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی دشمن نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے ۔ ممکن ہے کہ وہ اپنی اس کوشش میں کامیاب ہو جائے ۔ جس کی وجہ سے گھریلو، کاروباری یا تعلیمی معاملات میں کوئی رکاوٹ آپ کے لئے پریشانی کا باعث بنے گی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔
پھٹا ہوا جوتا
عمران گورائیہ، سیالکوٹ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں بہت پریشانی کے عالم میں ہوں اور ایک جگہ خاموشی سے بیٹھا ہوں۔ میرا جوتا بہت زیادہ کٹا پھٹا ہے اور میں اسی سوچ میں ہوں کہ کیسے چلوں یا کسی کو دکھاوں ۔ اس کے بعد مجھے خواب یاد نہیں مگر اپنی پریشانی اور کٹا پھٹا جوتا یاد ہے ۔
تعبیر : یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی مشکل پیش آ سکتی ہے ۔ گھر کا ماحول بھی کچھ پریشان کن ہو سکتا ہے ۔ گھریلو سطح پہ تعلقات بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ کاروبار میں بھی مشکل پیش آ سکتی ہے جس سے مال و وسائل میں کمی آ سکتی ہے آپ یاحی یاقیوم کا زیادہ سے زیادہ ورد کیا کریں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں۔
دوست کے ابو سے باتیں
محمد اسلم،سرگودھا
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے دوست کے ابو کے ساتھ بیٹھا باتیں کر رہا ہوں اور ان کو سورۃ قلم کی تلاوت کر کے سنا رہا ہوں۔ جیسے وہ میرا امتحان لے رہے ہوں۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی عزت و وقار میں اضافہ ہو گا۔ علم حاصل کرنے کی جانب توجہ ہو گی اور ذہن میں بزرگی آئے گی ۔گھر میں بھی آرام و سکون ملے گا ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں ۔
کسی جگہ بند ہونے کا احساس
نازش یوسف، پشاور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی جگہ بند ہو چکی ہوں اور کافی پریشان اور اداس بھی ہوں ۔ مگر سمجھ نہیں آتا کہ میں آخر ہوں کہاں؟ مگر سوچ یہی ہے کہ میں کسی بند جگہ پہ ہوں اور کافی دنوں سے ہوں ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی اور کئی دن سے یہ خواب میرے اعصاب پہ سوار ہے اور مجھے پریشانی رہتی ہے کہ جانے اس کا کیا مطلب ہو ، مجھے اس کی تعبیر بتا دیں ۔
تعبیر: خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری یا ناگہانی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ کسی کے ساتھ خراب تعلقات یا دشمنی کی طرف بھی دلیل کرتا ہے کہ کسی طاقت ور دشمن سے پالا پڑ سکتا ہے۔ گھر کے کسی فرد کی بیماری کی وجہ سے گھر میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے یا پھر نوکری یا کاروباری معاملات میں کسی پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مالی معاملات بھی اس سے متاثر ہوں گے ۔ گھر کے سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔کسی منگل یا ہفتہ کو ظہر کی نماز کے بعد کالے چنے یا کالے ماش کسی مستحق کو دے دیں ۔
اونچی عمارت پر تلاوت
آفتاب شیرازی، فیصل آباد
خواب : میں نے دیکھا کہ میں کسی اونچی سی عمارت کی چھت پہ موجود ہوں اور لاوڈ سپیکر میں قرآن پاک کی تلاوت کر رہا ہوں۔ عمارت کی مختلف منزلوں پہ مختلف لوگ نکل کے مجھے سراہتے ہیں جس سے مجھے بہت خوشی ہوتی ہے ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بزرگی عطا ہو گی ۔ علم و حکمت ملے گی ۔ دینی و روحانی معاملات میں ترقی ہو گی ۔گھریلو و کاروباری معاملات میں دشمن پہ فتح نصیب ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور تلاوت قرآن پاک کو باقاعدگی سے جاری رکھیں ۔ کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔
ہمسایہ تحفہ دیتا ہے
محمد حیات،چنیوٹ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں گھر میں اکیلا ہوں اور کچھ کھانا چاہتا ہوں ۔ فریج چیک کرنے پہ بھی مجھے کچھ نہیں ملتا ۔ میں کافی پریشان بیٹھا ہوتا ہوں کہ بیل بجنے پہ باہر دیکھتا ہوں تو ہمارے ہمسائے ہوتے ہیں جو مجھے ایک ڈھکا ہوا ٹرے دیتے ہیں۔ میں اندر آ کر دیکھتا ہوں تو اس میں بھنا ہوا گوشت اور بہترین بریانی ہوتی ہے۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی ۔
تعبیر: اچھا خواب ہیے جو اس بات کو ظاھر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ۔ علم و ھنر کی دولت آپ کو نصیب ہو گی جس سے دنیاوی طور پہ بھی آپ کو فائدہ ہو گا ۔ یعنی مال و وسائل میں بھی برکت ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ تلاوت قرآن پاک کو اپنا معمول بنا لیں ۔
مارکیٹ میں گھومنا
سکندر بٹ، گوجرانوالہ
خواب : میں نے دیکھا کہ میں کہیں مارکیٹ میں تیزی سے پھر رہا ہوں جیسے کسی چیز کی تلاش کر رہا ہوں۔ اچانک میری نظر اپنے پاوں پہ پڑتی ہے تو مجھے حیرت ہوتی ہے کہ میرے پاوں میں جوتا نہیں ہوتا ۔ میں پریشانی کے عالم میں جوتا تلاش کرنے لگ جاتا ہوں اور میرے پاوں سارے مٹی سے اٹے ہوتے ہیں۔ مگر کہیں کوئی جوتا نظر نہیں آتا ۔
تعبیر: آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ خدانخواستہ کسی کی موت کی خبر بھی ہو سکتی ہے۔گھریلو اور کاروباری یا تعلیمی معاملات میں بھی پریشانی و رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاشکور یاحفیظ کا ورد کیا کریں ۔ حسب استطاعت صدقہ و خیرات بھی کریں ۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔
انگور کھانا
شوکت خان، پشاور
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے سسرال میں ہوں اور ادھر ان کے فارم سے آئے انگور جو کہ بے حد شیریں اور لذیذ ہیں ۔ مختلف لوگوں کو بانٹنے کے لئے خوبصورت سے ڈبوں میں پیک کر رہا ہوں اور ساتھ ساتھ کھاتے ہوئے اس کی لذت سے بھی محظوظ ہو رہا ہوں ۔ اتنی دیر میں میرے سسر اندر آتے ہیں تو ان کے پیچھے ان کے کئی ملازم مزید انگوروں کی فصل لئے داخل ہوتے ہیں ۔ میرے سسر میری طرف اشارہ کر کے ان ملازموں سے کچھ کہتے ہیں مگر اس کے ساتھ ہی میری آنکھ کھل گئی ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو کسی دلی مراد کے پورا ہونے کی طرف دلیل کرتا ہے ۔ دینی معاملات میں بہتری کے ساتھ ساتھ دنیاوی معاملات میں بھی آسانی و بہتری ہو گی ۔ رزق حلال میں اضافہ ہو گا اور اس کے لئے وسائل مہیا ہوں گے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار بھی کیا کریں۔
بیوی سے جھگڑا
میاں نور، بہاولپور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں گھر میں اکیلا ہوں اور سونے کی تیاری کر رہا ہوں، ساتھ کچھ پریشانی بھی ہے کہ بیوی کی لڑائی کا خیال ہے ۔ صبح جب میری آنکھ کھلتی ہے تو میں دیکھتا ہوں کہ میری پوری داڑھی کٹی ہوئی ہے ، خود کو شیشے میں دیکھ کر میں ڈر جاتا ہوں، اسی گھبراہٹ میں میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔
تعبیر: آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے گھریلو معاملات یا اولاد کی طرف سے آپ کو کچھ پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ازدواجی معاملات میں بھی بیوی یا شوھر کی طرف سے اسی طرح کے مسلے کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ کاروباری معاملات میں بھی کسی پریشانی سے رکاوٹ ہو سکتی ہے۔ اس کا تعلق کاروباری افراد سے ہو سکتا ہے جو آپ کے بھروسے کو توڑ سکتے ہیں ۔کوشش کریں کہ ان معاملات میں ضروری کاروائی لازمی کریں تا کہ کسی پریشانی سے بچا جا سکے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔ لازمی طور پہ صدقہ و خیرات بھی کریں ۔
سسرال جانا
نبیلہ بخاری، راولپنڈی
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے سسرال سب سے ملنے آئی ہوں، وہاں میری ساس کی کوئی دوست ہمارے لئے ایک ٹوکری بھر کے فالسوں کی بھیجتی ہیں، ہم سب یہ دیکھ کر بہت خوش ہوتے ہیں اور سب بانٹ کے کھانا شروع کر دیتے ہیں جو کہ ذائقے میں بھی بہت لذیذ ہوتے ہیں ۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو کسی دلی مراد کے پورا ہونے کی طرف دلیل کرتا ہے۔ دینی معاملات میں بہتری کے ساتھ ساتھ دنیاوی معاملات میں بھی آسانی و بہتری ہو گی۔ علم میں کاملیت ہو گی، رزق حلال میں اضافہ ہو گا اور اس کے لئے وسائل مہیا ہوں گے ۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار بھی کیا کریں۔
دوست فالودہ کھلاتا ہے
افضل محمود،لاہور
خواب : ۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ کہیں کھانے پہ گیا ہوا ہوں، وہاں میرا ایک دوست ہم سب کو فالودہ کھلاتا ہے جو کہ میں نے پہلے کبھی نہیں کھایا ہوتا ۔ مجھے اس کا ذائقہ بہت پسند آتا ہے تو میں سوچتا ہوں کہ اب میں اپنی فیملی کو بھی یہ کھلائوں گا۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بزرگی عطا ہو گی ۔ علم و حکمت ملے گی ۔ دینی و روحانی معاملات میں ترقی ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور تلاوت قرآن پاک کو باقاعدگی سے جاری رکھ کر کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔
خوبصورت قالین کا تحفہ
عنبرین فاطمہ، سکھر
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میری ایک دوست کسی باہر کے ملک سے ہاتھ کا بنا ہوا ایک قالین لائی ہے ۔ جس کو دیکھ کر ہم سب حیران ہو رہے ہیں کہ کس قدر خوشنما اور دلفریب رنگ ہے ۔ برائے مہربانی مجھے اس کی تعبیر بتا دیں ۔
تعبیر : بہت اچھا خواب ہے جو کہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی و فضل سے جلد ہی کوئی خوشخبری ملے گی اور حلال طریقے سے رزق میں اضافہ ہو گا جس سے آپ مالی طور پر مستحکم ہوں گے ۔ چاہے کاروباری وسائل ہوں یا نوکری میں آسانی ۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو حسب استطاعت صدقہ و خیرات کیا کریں ۔
چھت پر سانپ
لاشانہ خان، مانسہرہ
خواب : میں نے دیکھا کہ میرے گھر کی چھت پہ بہت بڑا سانپ ہے جو ایک طرف پڑا ہے۔ میں مارے خوف کے چیختی ہوئی گھر سے باہر بھاگتی ہوں ۔ برائے مہربانی اس کی کچھ تعبیر بتا دیں ۔
تعبیر: خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری یا کسی کے دھوکے یا ناگہانی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔گھر کے کسی فرد کی بیماری کی وجہ سے گھر میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے یا پھر نوکری یا کاروباری معاملات میں کسی پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مالی معاملات بھی اس سے متاثر ہوں گے مگر اللہ کی مہربانی سے آپ اس پریشانی سے چھٹکارہ پا لیں گے۔ گھر کے سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔کسی منگل یا ہفتہ کو ظہر کی نماز کے بعد کالے چنے یا کالے ماش کسی مستحق کو دے دیں۔
باسی کھانا
فرزانہ یونس، گوجرانوالہ
خواب : میں نے دیکھا کہ میں کھانا کھا رہی ہوں مگر تمام کا تمام کھانا باسی اور بساند بھرا ہوتا ہے۔ میں بہت پریشان ہوتی ہوں کہ ابھی تو تازہ پکایا تھا پھر یہ کیسی بو اور بساند ہے۔ اتنا برا ہوتا ہے کہ مجھ سے کھایا نہیں جاتا۔
تعبیر : خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری یا ناگہانی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ کسی کے ساتھ خراب تعلقات یا دشمنی کی طرف بھی دلیل کرتا ہے کہ کسی طاقت ور دشمن سے پالا پڑ سکتا ہے ۔ گھر کے کسی فرد کی بیماری کی وجہ سے گھر میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے یا پھر نوکری یا کاروباری معاملات میں کسی پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ مالی معاملات بھی اس سے متاثر ہوں گے ۔ گھر کے سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔کسی منگل یا ہفتہ کو ظہر کی نماز کے بعد کالے چنے یا کالے ماش کسی مستحق کو دے دیں ۔