'دیکھتے ہیں آج کمرے کی لائٹ کون آف کرتا ہے' کھلاڑیوں نے کاکول میں سخت ٹریننگ کے دوران دلچسپ واقعات بیان کردیے۔
پاکستان کے نمایاں کھلاڑیوں نے کاکول میں فوجی ٹرینرز کی نگرانی میں سخت ٹریننگ کی، جہاں غیرمعمولی مشقت ان کے ہوش اڑائے رہی وہیں پر خوشگوار ماحول کی وجہ سے ان کا دل بھی لگا رہا۔ ایسے میں کئی دلچسپ واقعات بھی پیش آئے۔
فاسٹ بولر نسیم شاہ کہتے ہیں کہ کیمپ کے دوران دلچسپ واقعات بھی رہے، محمد نواز میرے روم میٹ تھے، ٹریننگ کے بعد اتنے تھک جاتے تھے کہ اٹھنے کی ہمت نہیں ہوتی تھی اور پھر ہم ایک دوسرے کی ْسستی چیک کرتے تھے کہ آج اٹھ کر کون کمرے کی لائٹ آف کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: غیرروایتی مشقوں کے حامل فٹنس کیمپ کا اختتام
بابراعظم نے اس کیمپ کے سب سے بہترین لمحے کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اعظم خان کا پہاڑ پر چڑھنا کافی دلچسپ تھا، یہ کوئی آسان کام نہ تھا لیکن انھوں نے بڑی ہمت دکھائی۔
اعظم خان نے بھی پہاڑ پر چڑھنے کو خوشگوار تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہاڑ کی چوٹی پر پہنچ کر بہت خوشی ہوئی کیونکہ اس سے پہلے کبھی اتنے بلند پہاڑ پر نہیں چڑھا تھا، میں یہ سوچ رہا تھا کہ یہ کوہ پیما کس طرح بڑی بڑی چوٹیاں سر کرتے ہونگے ان کی ہمت اور حوصلے کی داد دینی چاہیے۔