ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کرنے والا ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک
ہلاک ڈاکو عادی جرائم پیشہ تھا جس کے خلاف 2019 سے 2023 تک 9 مقدمات درج تھے، ڈی آئی جی ویسٹ
شہر قائد کے ضلع ویسٹ زون کے تھانہ بلال کالونی نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر شہری کو قتل اور دو افراد کو زخمی کرنے والے اسٹریٹ کرمنل کو مقابلے مقابلے میں ہلاک کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی ویسٹ زون عرفان بلوچ نے حالیہ پیشرفت کے حوالے سے بتایا کہ بلال کالونی پولیس نے نیو کراچی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر شہری کو قتل اور 2 افراد کو زخمی کرنے کی واردات میں ملوث ڈکیت کو مقابلے میں ہلاک کر دیا۔
ڈی آئی جی نے بتایا کہ جمعے اور ہفتے کو مقابلے میں مارے جانے والے ڈاکو کی شناخت بابر کے نام سے ہوئی جو عادی جرائم پیشہ اور اس کے خلاف 2019 سے 2023 تک چوری، منشیات، غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کیس کی دفعات کے تحت 9 مقدمات درج تھے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہلاک ڈاکو نے 3 اپریل کو اپنے ساتھی کے ہمراہ نیوکراچی سیکٹر فائیو ای میں گھر کے باہر دوست کے ساتھ بیٹھے یاسین نامی نوجوان کو مزاحمت پر زخمی کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس ترجیحی بنیادوں پر موبائل فون چھیننے والے ملزمان کے خلاف کام کر رہی ہے ، وارداتوں میں چھینے جانے والے موبائل فونز کہاں فروخت کیے جاتے ہیں ، ان کا خریدار کون ہے جبکہ وارداتوں میں استعمال کیے جانے والا اسلحہ کون فراہم کرتا ہے ان تمام اہم پہلوؤں پر بھی پولیس کام کر رہی ہے جس میں کچھ اہم کامیابیاں بھی حاصل ہوئی ہیں ان کی روشنی میں پولیس تحقیقات کو آگے بڑھا رہی ہے۔
عرفان بلوچ کا کہنا تھا کہ 'پولیس نے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں دوران ڈکیتی شہریوں کے قتل کا دوسرا کیس حل کیا ہے اس کے علاوہ شارع نور جہاں انڈہ موڑ کے قریب تربوز خریدنے کے دوران بزرگ شہری کو مزاحمت پر قتل کرنے والے دونوں ڈاکو بھی چند روز کے بعد نارتھ ناظم آباد میں عوام کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بن کر ہلاک ہو چکے ہیں'۔
عرفان بلوچ نے بتایا کہ ویسٹ زون پولیس اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اس دوران مقابلوں میں 8 ڈاکو مارے بھی جا چکے ہیں جبکہ درجنوں ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار بھی کیا گیا ہے ، انھوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ منشیات فروشوں کے خلاف بھی پولیس نے اپنا ہوم ورک مکمل کرلیا ہے اور جلد ہی نہ صرف ان کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائیگا بلکہ منشیات کے اڈوں کو مسمار بھی کیا جائیگا۔