اسٹاک مارکیٹ ملکی تاریخ میں پہلی بار 70500 پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور

کے ایس ای 100 انڈیکس میں 229.86 پوائنٹس کا اضافہ


Business Reporter April 15, 2024
فوٹو: فائل

عید کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد کاروباری ہفتہ کے پہلے ہی دن پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے بلندیوں کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کے ساتھ موجودہ پروگرام کی کامیابی کیساتھ تکمیل، معیشت قدرے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیساتھ زر مبادلہ ذخائر میں اضافہ جیسے عوامل پر ملکی تاریخ میں پہلی بار مارکیٹ 70500 پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کرگئی اور انڈیکس میں 200 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

کاروباری تیزی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 64 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کی وجہ سے سرمائے کا مجموعی حجم 98 کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ51 فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو کاروبار کے دوران اگرچہ مارکیٹ 69900 پوائنٹس کی پست سطح پر ٹریڈ ہوتی دیکھی گئی مگر نئی سرمایہ کاری سے مارکیٹ بلندیوں کی جانب گامزن رہی اور کاروباری ہفتے کے پہلے دن مارکیٹ 70600 پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گئی تھی۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو کے ایس ای 100 انڈیکس میں 229.86 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 70314.72 پوائنٹس سے بڑھ کر70544.58 پوائنٹس پر بند ہوا اسی طرح 58.79 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30 انڈیکس 23132.29 پوائنٹس سے بڑھ کر 23191.08 پوائنٹس ہو گیا۔

کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 46041.99 پوائنٹس سے بڑھ کر46350.04 پوائنٹس پر جا پہنچا۔ کاروباری تیزی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 64 ارب 8 کروڑ 76 لاکھ 70 ہزار818 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد سرمائے کا مجموعی حجم 97 کھرب 60 ارب 49 کروڑ 61 لاکھ 60 ہزار610 روپے سے بڑھ کر98 کھرب 24 ارب 58 کروڑ 38 لاکھ 31 ہزار 428 روپے ہو گیا۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو 21 ارب روپے مالیت کے 55 کروڑ52 لاکھ 14 ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری دن یعنی منگل کو 17 ارب روپے مالیت کے 38 کروڑ 93 لاکھ 96 ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز مجموعی طور پر 353 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے180 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 156میں کمی اور17 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں