دوسرا ون ڈے ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے پاکستان کو شکست دیکر سیریز جیت لی
ویسٹ انڈیز نے 224 رنز کا ہدف سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری گیند پر حاصل کیا
ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم نے دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ 2 وکٹوں سے جیت کر پاکستان کے خلاف 3 میچز کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔
فاتح ٹیم نے 224 رنز کا ہدف سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری گیند پر حاصل کیا، اسٹیفنی ٹیلر نے 73 رنز کی عمدہ اننگ کھیلی، شیمائن کیمبل نے 52 اور ہیلی میتھوز نے 44 رنز جوڑے، کپتان ندا ڈار نے 4 وکٹیں حاصل کیں، بسمعہ معروف اور سدرا امین کی ففٹیز رائیگاں گئیں، کرشما اور شنیل نے 3،3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا، تیسرا اور آخری میچ منگل کو کھیلا جائے گا۔
ون ڈے میچز آئی سی سی چیمپئین شپ کا حصہ ہیں، مہمان ٹیم نے مسلسل دوسری فتح کے ساتھ چیمپئین شپ میں مزید 2 پوائنٹس جوڑ لیے، نیشنل بنک اسٹیڈیم پر اتوار کو کھیلے جانے والے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان ویمن ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 223 رنز بنائے۔
میزبان ٹیم اس میچ میں بھی بیٹنگ میں بری طرح ناکام رہی اور 48.5 اوورز میں ہی ڈھیر ہو گئی،سابق قومی ویمن کپتان بسمہ معروف سب سے کامیاب بیٹر رہیں،انہوں نے3 چوکوں کی مدد سے 65 رنز بنائے،سدرہ امین نے 50 رنز جوڑے، ناجیہ علوی نے 25 رنز کے ساتھ مزاحمت کی۔
منیبہ علی 2 ،صدف شمس 7، کپتان ندا ڈار 15، عالیہ ریاض6، فاطمہ ثنا11، طوبہ حسن 1 اور ام ہانی 3 رنز تک محدود رہیں، سعدیہ اقبال 6رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں، شنیل ہینری اور کرشما رام ہریک نے3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،ایفے فلیچرنے 2 اور ہیلے میتھیوز نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں ویسٹ انڈیزنے کامیابی کے لیے ملنے والا 224 رنز کا ہدف آخری اوور کی آخری گیند پر 8 وکٹیں کھو کر حاصل کرلیا، اسٹیفنی ٹیلر نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 90 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 73 رنزبنائے۔
شیمائن کیمبل نے 73 گیندوں پر 52 رنز کی اننگ کھیلی ،ہیلی میتھوز نے 44 جبکہ میچ کا واحد چھکا لگانے والی شنیل ہنری نے 23 رنز جوڑے، رشدا ولیمز 7، چیڈن نیشن 6، عالیہ اور ایفے فلیچر2،2 رنز تک محدود رہیں، کرشما 4 اور زاہدہ جیمز ایک رن کے ساتھ ناٹ آوٹ رہیں۔
کپتان ندا ڈار نے 52 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، ام ہانی نے 38 رنز کے عوض 2 وکٹوں کا سودا کیا، سدرا اقبال اور فاطمہ ثنا کو 1، 1 وکٹ ملی۔
آئی سی سی چیمپئین شپ میں اپنا 20 واں میچ کھیلنے والی پاکستان ویمن ٹیم 11 ویں شکست کے بعد ہنوز 16 پوائنٹس کے ساتھ 5 ویں پوزیشن پر براجمان ہے جبکہ ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے اپنے 14 ویں میچ میں 5 ویں فتح پاکرپوائنٹس کی تعداد12 کرلی اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر9 ویں نمبر پر ہے۔