نصرت فتح علی خان کے ورثے کی پاسداری بڑا چیلنج ہے راحت فتح علی خان

ایکسپریس اور میکڈونلڈ کے تعاون سے ’’بیک ٹولو‘‘ کی لانچنگ پر راحت فتح علی خان کی خصوصی گفتگو


Muhammad Javed Yousuf June 17, 2014
ایکسپریس اور میکڈونلڈ کے تعاون سے ’’بیک ٹولو‘‘ کی لانچنگ پر راحت فتح علی خان کی خصوصی گفتگو۔ فوٹو : فائل

استاد نصرت فتح علی خان کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے جنہوں نے قوالی کو ایک نئی جدت سے روشناس کرانے کے ساتھ غزل، گیت اور پلے بیک گائیکی میں بھی نئے اسلوب متعارف کروائے، ان کی خدمات کی ایک دنیا معترف ہے۔

ان کے بھتیجے، گلوکار راحت فتح علی خان بھی ان کی روایت کو کامیابی سے آگے بڑھا رہے ہیں ، انہوں نے اپنے چچا استاد نصرت فتح علی خان مرحوم کی طرح میوزک انڈسٹری میں اپنے منفرد انداز گائیکی کے ذریعے اپنی الگ شناخت بنائی ہے، ان کی آواز میں گانے فلموں کی کامیابی کی ضمانت سمجھے جاتے ہیں۔ بالی وڈ کے ہر پروڈیوسر اور ڈائریکٹر کی وہ پہلی چوائس ہیں جن کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کی فلم میں راحت فتح علی خان کی آواز میں گانا شامل ہو۔

بالی وڈ میں ''من کی لگن '' ، ''جیا دھڑک دھڑک'' ، ''جگ سونا سونا لگے''، ''نیناں'' ، ''جاؤں کہاں'' ، ''اج دن چڑھیا'' ، '' تیری میری'' ، ''تیرے مست مست نین'' جیسے بے شمار گیت ان کے کریڈٹ پر ہیں۔ راحت فتح علی خان نے سات سال کے طویل عرصہ بعد آڈیو البم ''بیک ٹو لو'' تیار کیا جس کو انہوں نے 'ایکسپریس میڈیا گروپ' اور 'میکڈونلڈ' کے اشتراک سے ملک بھر میں لانچ کیا ہے۔



ایکسپریس میڈیا گروپ ٹی وی چینلز اور اخبارات کے ذریعے اپنے ناظرین اور قارئین کو مقامی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ سے لمحہ بہ لمحہ باخبر رکھنے کے لئے کوشاں ہے تو وہیں پر ثقافتی اقدار، موسیقی اور فنکاروں کو پروموٹ کرنے میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ راحت فتح علی خان کے آڈیو البم ''بیک ٹو لو'' کو لانچ کرنے کا اعزاز ایکسپریس میڈیا گروپ کو حاصل ہوا ہے۔

اس سلسلہ میں راحت فتح علی خان خصوصی طور پر لاہور آئے جہاں انہوں نے ''ایکسپریس نیوز'' کے دفتر کا دورہ کیا اور خبرنامہ میں شریک ہوئے، اس موقع پر انہوں نے اپنے نئے البم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے گلبرگ مین بلیوارڈ پر واقع میکڈونلڈ پر ''بیک ٹو لو'' لانچنگ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر ان کے صاحبزادے شاہ زمان علی خاں ، منیجر معروف علی خاں، ڈائریکٹر کمرشل بزنس سلمان احمد، موسیقار ساحر علی بگا بھی موجود تھے۔



مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے اپنے پسندیدہ گلوکار کو اپنے درمیان پاکر خوشی کا اظہار کیا اور انہیں تالیاں بجا کر اور پتیاں نچھاور کرکے خوش آمدید کہا۔ میکڈونلڈ پہنچنے پر راحت فتح علی خان کا استقبال اسٹنٹ ڈائریکٹر مارکیٹنگ میکڈونلڈ رضا علی نے کیا۔ بچوں ، جوانوں اور خواتین نے ان کے ساتھ تصاویر بنوانے اور آٹو گراف لینے کے لئے انہیں گھیر لیا، راحت فتح علی خان بھی اپنے پرستاروں کے ساتھ گھل مل گئے۔ انہیں میکڈونلڈ کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا گیا جہاں پر کام کرنے والے کارکنوں نے بھی ان سے آٹو گراف لیے اوران کے ساتھ تصویریں بنوائیں۔ راحت فتح علی خان نے اس موقع پر پرستاروں کو نئے البم کے گیت بھی سنائے جس پر لوگوں نے انہیں دل کھول کر داد دی۔

'' ایکسپریس'' کے ساتھ باتیں کرتے ہوئے راحت فتح علی خاں کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ ''ایکسپریس میڈیا گروپ'' اور'میکڈونلڈ' کے تعاون سے اپنے البم کو لانچ کررہے ہیں۔ اس کے لئے 25 روزہ تشہیری مہم تیار کی گئی ہے جس کے تحت میکڈونلڈ میلز کے ساتھ نئے البم ''بیک ٹو لو'' کی سی ڈی مفت دی جائے گی جبکہ اس کے ساتھ ملنے والے انعامی کوپن کی قرعہ اندازی میں تین خوش نصیب میرے ساتھ برطانیہ کا دورہ کرینگے اوراس کے تمام اخراجات ہم برداشت کرینگے۔



انہوں نے کہا کہ ایکسپریس میڈیا گروپ اور میکڈونلڈ کے ساتھ اشتراک سے البم لانچ کرکے بے حد خوشی ہورہی ہے کیونکہ وہ جس طرح سے میری البم کی تشہیر کر رہے ہیں اس پر ایکسپریس انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے۔ موجودہ دور میں پراڈکٹ کی کامیابی کا انحصار پبلسٹی پر ہی ہوتا ہے جو اگر ناکام ہوجائے تو مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کئے جاسکتے، میں چاہتا تھا کہ البم کو بھرپورانداز سے لانچ کروں جس کے لئے ایکسپریس میڈیا گروپ نے میری توقعات سے بڑھ کر کام کیا ہے۔ میرے البم کو جس طرح سے پذیرائی مل رہی ہے اس پر میں اپنے پرستاروں کا بھی بے حد شکرگزار ہوں جو مجھ سے اتنی محبت کرتے ہیں یہ انہی کی محبت اور دعاؤں کا نتیجہ ہے کہ بالی وڈ سے لے کر بین الاقوامی میوزک انڈسٹری تک میں کامیابیاں میرے قدم چوم رہی ہیں۔

کسی بھی فنکار کے لئے پرستار ہی اس کا اثاثہ ہوتے ہیں اور میں بھی ان خوش نصیبوں میں سے ایک ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ استاد نصرت فتح علی خان کی وفات کے بعد ان کے مشن کو جاری رکھنا ہی میرے لیے سب سے بڑا چیلنج تھا، رب کا جتنا بھی شکر ادا کروں کم ہے جس نے مجھے اس امتحان میں سرخرو کیا، جب میرا تعارف استاد نصرت فتح علی خان مرحوم اور پاکستان کی حیثیت سے کرایا جاتا ہے تو سر فخر سے بلند ہوجاتا ہے۔میرا عشق اور جنون صرف موسیقی ہی ہے جس کے بغیر بالکل ادھورا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بولی وڈ سے آئے روز بے شمار آفرز ہوتی ہیں مگر میں صرف وہی پراجیکٹ کرتا ہوں جس سے مطمئن ہوں۔ میرے بارے میں یہ بھی کہا جانا لگا تھا کہ شاید پاکستانی فلموں اور ڈراموں کے لئے نہ گاؤں مگر میں نے بہت سی پاکستانی فلموں اور ڈراموں کے لئے بھی گانے ریکارڈ کروائے یہ گانے بھی بے حد مقبول ہوئے۔ اپنے البم ''بیک ٹو لو'' کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کافی عرصہ سے اس پر کام کر رہا تھا مگر مصروفیت کے باعث یہ التواء کا شکار ہوگیا۔



راحت فتح علی خان نے کہا کہ میری کوشش تھی کہ البم جب بھی ریلیز ہو اس میں ہر عمر کے لوگوں کی چوائس موجود ہو۔''بیک ٹو لو'' کے لئے اپنے دوستوں ساحرعلی بگا، یوسف صلاح الدین کے ساتھ مل کر ایک ایک گانے کی دھن اور شاعری پر کام کیا۔ بعض اوقات تو شاعری اور کمپوزیشن بنانے کے بعد پسند نہ آنے پر دوبارہ سے کام شروع کردیتے۔ اب وہ دور چلا گیا جب جو کچھ آپ ریکارڈ کرتے لوگ سن لیتے۔ اب سیٹلائٹس کا دور ہے جس میں ان کی توجہ اور پسندیدگی حاصل کرنے کے لئے پہلے سے زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے۔

ان گیتوں کی دھنیں معروف موسیقار ساحر علی بگا، یوسف صلاح الدین اورمیں نے ترتیب دی ہیں۔ اس البم میں تمام عمر کے لوگوں کیلئے بہترین میوزک ہے اور مجھے امید ہے کہ اس البم کے ذریعے پاکستان میں ایک مرتبہ پھر خوبصورت گیتوں پرمبنی میوزک واپس آجائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں راحت فتح علی خاں نے بتایا کہ ''ایکسپریس میڈیا گروپ'' اور'میکڈونلڈ' نے جس طرح سے ہمارے ساتھ تعاون کیا ہے اور میرے البم کی پروموشن کررہے ہیں، اس سے پہلے میں نے پاکستان میں ایسا کبھی نہیں ہوتے دیکھا۔ یہ ایک نیا انداز ہے اس لئے مجھے امید ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک ہمارا البم پہنچ سکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ میکڈونلڈ سے ہمارا البم لیں اور پائریسی کی حوصلہ شکنی کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں