موٹروے پولیس اہلکار کو روندنے والی خاتون گرفتار
خاتون اسلام آباد کلب سے روانہ ہوئی تو پولیس نے تعاقب کیا اور لیڈی اہلکاروں کی مدد سے اُسے حراست میں لیا
پولیس نے اسلام آباد موٹروے پر پولیس اہلکار کو ٹکر مار کر فرار ہونے والی خاتون کو گرفتار کرلیا۔
پنڈی پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ خاتون کو اسلام آباد سے ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا جس کی شناخت فرح کے نام سے ہوئی جبکہ خاتون جس گاڑی میں سوار تھی وہ بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد موٹروے پر پولیس اہلکار پر گاڑی چڑھا کر فرار ہونے والی خاتون کی ویڈیو سامنے آگئی
ذرائع کے مطابق خاتون اسلام آباد کلب سے روانہ ہوئی تو پولیس نے تعاقب کیا اور لیڈی اہلکاروں کی مدد سے اُسے حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔
https://c.express.pk/2024/04/whatsapp-video-2024-04-22-at-5.08.32-pm-1713788201.mp4?_=1
ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ واقعہ دو جنوری 2024 کو پیش آیا جس میں صابر نامی اہلکار زخمی ہوا تھا، خاتون کے خلاف کار سرکار میں مداخلت۔ اقدام قتل، پولیس اہلکار پر تشدد اور مزاحمت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جس کو مضبوط چالان کے ساتھ عدالت میں پیش کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔