داؤد انجینیئرنگ یونیورسٹی کی فیکلٹی انفارمیشن اینڈ کمپیوٹنگ کی گلبرگ ٹاؤن منتقلی کیلئے معاہدہ

میجر طفیل شہید اسکول کی عمارت 10 سال کے لیے تعلیمی اور تدریسی مقاصد کے لیے یونیورسٹی کے حوالے کی گئی ہے، وائس چانسلر


Safdar Rizvi April 27, 2024
وائس چانسلر نے کہا کہ یہ معاہدہ 10 سال کے لیے ہے اور قابل تجدید ہے—فوٹو: داؤد انجینیئرنگ یونیورسٹی

داؤد انجینیئرنگ یونیورسٹی نے اپنی فیکلٹی آف انفارمیشن اینڈ کمپیوٹنگ سائنس فیڈرل بی ایریا میں قائم میجر طفیل محمد شہید اسکول میں منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس حوالے سے گلبرگ ٹاؤن کی انتظامیہ کے ساتھ باقاعدہ معاہدہ بھی طے پا گیا ہے۔

فیڈرل بی ایریا میں قائم میجر طفیل محمد شہید اسکول کراچی کی لوکل گورنمنٹ کے ماتحت ہے اور گزشتہ کئی برسوں سے انرولمنٹ نہ ہونے کے سبب خالی پڑا تھا اور یہاں تدریسی سلسلہ معطل تھا، جس کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ اور گلبرگ ٹاؤن کے مابین اس سلسلے میں ایک معاہدہ طے پایا اور معاہدے کے تحت یہ اسکول داؤد انجینیئرنگ یونیورسٹی کےحوالے کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس کو داؤد انجینیئرنگ یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر ثمرین حسین نے بتایا کہ معاہدے کے تحت اسکول کی عمارت 10 سال کے لیے تعلیمی اور تدریسی مقاصد کے لیے یونیورسٹی کے حوالے کی گئی ہے اور یہ معاہدہ قابل تجدید بھی ہے۔

ڈاکٹر ثمرین حسین کے مطابق یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس کے جس حصے میں فی الحال یہ فیکلٹی قائم ہے وہاں جگہ محدود ہونے کی وجہ سے کلاسز اور لیبارٹریز مطلوبہ تعداد سے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ اسکول 3 ایکڑ کے احاطے پر ہے اور اس اسکول میں فیکلٹی کے قیام کے لیے تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش یونیورسٹی کی اپنی ذمہ داری ہے، جس کے بعد فیکلٹی کو تمام متعلقہ آلات اور ساز و سامان کے ہمراہ میجر طفیل محمد شہید اسکول میں منتقل کر دیا جائے گا اور آئندہ سیشن سے فیکلٹی آف انفارمیشن اینڈ کمپیوٹنگ سائنسز کی کلاسز اسی اسکول میں ہوں گی۔

واضح رہے کہ مذکورہ فیکلٹی کے تحت بی ایس کمپیوٹر سائنس، بی ایس آرٹیفیشل انٹیلی جنس، بی ایس سائبرسیکییورٹی، بی اے ڈیٹا سائنسز کے پروگرام کی کلاسز مذکورہ اسکول میں ہوں گی، اس سلسلے میں ایک معاہدہ داؤد انجینیئرنگ یونیورسٹی اور گلبرگ ٹاؤن کے مابین کیا گیا ہے۔

ٹاؤن ناظم نصرت اللہ، وائس چانسلر انجینیئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین، امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی فاروق نعمت اللہ، سر سید یونیورسٹی کے سابق طالب علم اور حلقہ 125 کے رکن صوبائی اسمبلی عادل عسکری، ڈائریکٹر ایجوکیشن محمد ندیم حنیف اور دیگر بھی اس وقت موجود تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں