کاؤنٹی کرکٹ شان مسعود جوئے کی تشہیر سے دور

یارکشائرنے کپتان کی شرٹ کے کالر پر ’’ڈافا بیٹ‘‘ کا لوگو نہیں لگایا


Saleem Khaliq April 30, 2024
یارکشائرنے کپتان کی شرٹ کے کالر پر ’’ڈافا بیٹ‘‘ کا لوگو نہیں لگایا۔ فوٹو : ٹویٹر

شان مسعود انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں جوئے کی تشہیر سے دور ہیں، ان کی شرٹ کے کالر پر کمپنی کا لوگو نہیں لگایا گیا جب کہ دیگر ٹیموں میں شامل پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی اس حوالے سے رعایت دی گئی ہے۔

پاکستانی ٹیسٹ کپتان شان مسعود ان دنوں یارکشائر کاؤنٹی کی قیادت کر رہے ہیں، ہفتے کے روز ان کی کاؤنٹی کا بطور آفیشل پارٹنر ''ڈافا بیٹ'' سے 2 سالہ معاہدہ ہوا،اس کے تحت تینوں فارمیٹس کی کرکٹ میں کھلاڑیوں کی شرٹس کے کالر پر مذکورہ کمپنی کا لوگو موجود ہوگا، انگلینڈ اور آسٹریلیا سمیت کئی ممالک میں جوا قانونی طور پر ہوتا ہے اور اسٹیڈیمز کے باہر بھی شرطیں وصول کی جاتی ہیں۔

''ڈافا بیٹ'' نے سیروگیٹ ایڈورٹائزنگ کا سہارا لیتے ہوئے ''ڈافا نیوز'' کے نام سے پاکستان کرکٹ کو بھی کئی بار اسپانسرکیا تھا، مگر حکومت کی سختی کے بعد اب ملکی کرکٹ میں سیروگیٹ ایڈورٹائزنگ بند ہو چکی،پی ایس ایل کے دوران محمد رضوان نے بھی اس حوالے سے آواز اٹھاتے ہوئے متنازع لوگو کو اسٹیکر سے چھپا دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بابراعظم کے کپتانی سنبھالنے پر شان مسعود بول اٹھے

ذرائع نے بتایا کہ شان مسعود بیٹنگ کمپنی کی تشہیر نہیں کریں گے، انھوں نے کاؤنٹی حکام پر پہلے ہی اس حوالے سے اپنا موقف واضح کر دیا تھا، یارکشائر نے بھی ان کی خواہش کا احترام کیا ہے،شان اپنے اچھے رویے کی وجہ سے ساتھی کھلاڑیوں میں خاصے مقبول ہیں، دیگر ٹیموں میں شامل پاکستانی کرکٹرز بھی جوئے، سیروگیٹ ایڈورٹائزنگ، شراب، پورک یا ایڈلٹ انٹرٹینمنٹ ایڈورٹائزنگ سے دور ہیں۔

انگلش کرکٹ بورڈ اور کاؤنٹیز غیرملکی کھلاڑیوں کے مذہبی جذبات کا پورا خیال رکھتی ہیں، متنازع چیزوں کی تشہیر سے انکار کے باوجود معاوضے میں کوئی کٹوتی بھی نہیں ہوتی۔ ماضی میں دیگر ممالک کے کئی کھلاڑی بھی شراب اور جوئے کی کمپنیز کی تشہیر سے انکار کر چکے، ان میں جنوبی افریقہ کے ہاشم آملا سرفہرست تھے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں