لاہور میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کی تیز رفتار گاڑی نے اکلوتے بچے کو کچل ڈالا
ریحان کی عمر 8 سال تھی اور وہ گھر کے باہر کھیل رہا تھا
پنجاب کے دارالحکومت میں انسداد دہشت گردی فورس (سی ٹی ڈی) کے زیر استعمال قانون نافذ کرنے والے ادارے کی تیز رفتار موبائل نے والدین کے اکلوتے بیٹے کو کچل دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ہربنس پوری میں سی ٹی ڈی کے تیز رفتار ڈالے (گاڑی) کی ٹکر سے گھر کے باہر کھیلتا ہوا 8 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔
تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور نے بچے کو کچلا اور پھر موقع سے فرار ہوگیا۔ والدین اکلوتے بیٹھے ریحان کی اچانک ناگہانی موت پر شدت غم سے نڈھال ہیں۔
ایکسپریس نیوز کو موصول ہونے والی واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچے کو گاڑی کے نیچے روند کر ڈرائیور نے کچھ دیر کے لیے موبائل روکی اور پھر وہ وہاں سے فرار ہوگیا۔
https://c.express.pk/2024/05/whatsapp-video-2024-05-04-at-10.11.41-pm-1714843147.mp4
اُدھر پولیس نے موبائل وین کے ڈرائیور کو گرفتار کر کے گاڑی کو قبضے میں لے لیا جبکہ بچے کے والد کی جانب سے قانونی کارروائی کے لیے درخواست بھی دی گئی ہے۔
ایس پی کینٹ اویس شفیق نے کہا ہے کہ درخواست موصول ہوتے ہی قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔