اذلان شاہ ہاکی کپ پاکستان نےجنوبی کوریا کو ہرا کرمسلسل دوسری کامیابی سمیٹ لی
قومی ٹیم نے جنوبی کوریا کو چار صفر کی خفت سے دوچار کیا
پاکستان نے سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں جنوبی کوریا کو چار صفر سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی.
پاکستان کی جانب سے حنان شاہد، ارشد لیاقت، غضنفر علی اور سفیان علی نے ایک ایک گول کیا۔ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں میزبان ملائشیا کو چار کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستانی ہاکی ٹیم کا عالمی رینکنگ میں 15واں اور کوریا کا 11واں نمبر ہے۔ قومی ٹیم اپنا تیسرا میچ 7 مئی کو جاپان کیخلاف کھیلے گی۔ قومی ٹیم کا چوتھا میچ 8 مئی کو کینیڈا اور 10 مئی کو نیوزی لینڈ کے ساتھ ہوگا۔
پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود کی کاوشوں سے پاکستانی ہاکی ٹیم کا اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں جانا ممکن ہوا، انہوں نے ٹیم کی دوسری کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ پر جب ٹیم کا انتخاب اور فیصلے ہوں تو ایسے ہی رزلٹ آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی ہدایات پر غیر جانبدار سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا، یقین ہے کہ اگلے میچز میں بھی قومی ٹیم شاندار پرفارمنس دے کر قوم کو خوشیاں دیتی رہے گی۔