نائلہ کیانی کا مختصر مدت میں11بلند ترین چوٹیاں سر کرنے کا ریکارڈ

نائلہ کیانی نے نیپال میں دنیا کی پانچویں بلند چوٹی مکالو سر کرکے11بلند ترین چوٹیاں سرکرنے والی خاتون کا اعزاز حاصل کیا


Zulfiqar Baig May 05, 2024
نائلہ کیانی نے نیپال کی چوٹی مکالو سر کرلیا—فائل/فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان کی نامور کوہ پیما نائلہ کیانی نے نیپال میں دنیا کی پانچویں بلند ترین چوٹی مکالو سر کر لیا، جس کے بعد وہ پاکستان کی تاریخ میں 8 ہزار میٹر سے بلند 11 چوٹیاں سر کرنے والی پہلی خاتون کوہ پیما بن گئیں اور مختصر مدت میں یہ کارنامہ انجام دینے کا ریکارڈ بنایا۔

ایکسپریس کے مطابق نیپال سے موصول اطلاعات میں بتایا گیا کہ نائلہ کیانی نے نیپال کے مقامی وقت کے مطابق تقریباً 9:35 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق 8:50 بجے) دنیا کی پانچویں بلند ترین چوٹی ناقابل یقین حد تک مشکل پہاڑ مکالو کو کامیابی سے سر کر کے ایک اور تاریخی سنگ میل حاصل کیا ہے اور یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئجیں۔

نائلہ کیانی نے امیجن نیپال سے شیرپا گیلگن ڈائی کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ہر قدم پر نائلہ کی حمایت کی اور اس کامیابی کو ممکن بنایا۔

نائلہ کیانی نے دنیا بھر میں موجود 8 ہزار میٹر سے بلند 11 چوٹیاں تین سال کے عرصے میں سر کی ہیں، جس کے بعد اب انہوں نے 11 چوٹیاں مختصر مدت میں سر کرنے کا ریکارڈ بھی بنا لیا ہے۔

پاکستان میں تعینات نیپال کے سفیر تاپش ادیکاری کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی کوہ پیماوں کو عالمی معیار کی تربیت فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون یقینی بنا سکتے ہیں، پاکستان ہمارا دوست ملک ہے۔

ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی کوہ پیما خداد صلاحتیوں کے مالک ہیں، نائیلہ کیانی پاکستانی خواتین کے لیے رول ماڈل ہیں، ہم پاکستانی کوہ پیماوں کو تربیت فراہم میں معاونت کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔