خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیر اور ان کا مجموعہ


فوٹو : فائل

فائزہ مشتاق عظیمی
سرسبز باغ
مرتضیٰ شیخ، میانوالی
خواب : میں نے دیکھا کہ میں کسی بہت سرسبز باغ میں ہوں اور ٹھنڈی ہوا اور موسم سے لطف اٹھا رہا ہوں ، اسی دوران کوئی بزرگ آتے ہیں اور مجھے بتاتے ہیں کہ یہ باغ ان کا ہے۔ میں ان کے سرسبز باغ کی تعریف کرتا ہوں۔ وہ بہت خوش ہوتے ہیں اور مجھے اپنے ساتھ نماز کی دعوت دیتے ہیں۔ اور میں اندر ان کے باغ کے ساتھ بنی چھوٹی سی مسجد میں نماز ادا کرنے چلا جاتا ہوں ۔

تعبیر: خواب بہت اچھا ہے اور بزرگی کی طرف دلیل کرتا ہے۔ اللہ کے فضل سے آپ کے علم و بزرگی میں اضافہ ہو گا ۔ جس سے زندگی میں سکون و برکت ہو گی ۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ ممکن ہو سکے تو ہر جمعرات کچھ صدقہ و خیرات کر دیا کریں ۔

ریسورنٹ پر خراب کھانا
غلام عباس، بہاولپور
خواب : میں نے دیکھا کہ میرے خالو اور میں کہیں کسی سے ملنے کے لئے گھر سے نکلتے ہیں، راستے میں کسی ڈھابے نما ھوٹل پہ کچھ کھانے کے لئے رکتے ہیں جو کھانا ہم کو ملتا ہے وہ انتہائی بد ذائقہ ہوتا ہے۔ ہم اس کو واپس کر کے کچھ اور منگواتے ہیں مگر وہ بھی انتہائی بدمزہ اور باسی ہوتا ہے کہ ہم ایک نوالہ بھی نہیں لے سکتے۔ میرے خالو کہتے ہیں کہ اس کو چھوڑ دو ہم کہیں اور سے کچھ لے لیتے ہیں۔ اسی طرح ہم وہ کھانا چھوڑ کے آگے کہیں اور جاتے ہیں حالانکہ مجھے بہت شدید بھوک لگی ہوتی ہے میں پھر بھی وہ کھانا نہیں کھا پاتا ۔ آگے کچھ ہی دور جانے پہ ہم کسی اور ھوٹل میں جاتے ہیں اور کھانا منگواتے ہیں مگر جب کافی دیر بعد کھانا آتا ہے تو وہ بالکل بھی کھانے کے قابل نہیں ہوتا، انتہائی بدذائقہ۔ یہ دیکھ کر میں بہت ڈر جاتا ہوں ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی اور مجھے کچھ یاد نہیں رہا ۔

تعبیر: خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری یا ناگہانی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کسی کے ساتھ خراب تعلقات یا دشمنی کی طرف بھی دلیل کرتا ہے کہ کسی طاقت ور دشمن سے پالا پڑ سکتا ہے۔ گھر کے کسی فرد کی بیماری کی وجہ سے گھر میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے یا پھر نوکری یا کاروباری معاملات میں کسی پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مالی معاملات بھی اس سے متاثر ہوں گے ۔ گھر کے سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔کسی منگل یا ہفتہ کو ظہر کی نماز کے بعد کالے چنے یا کالے ماش کسی مستحق کو دے دیں ۔

چھت پر قرآن کی تلاوت کرنا
عالیہ خان، پشاور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے گھر کی چھت پہ کھڑی زور زور سے سورہ الم نشرح کی تلاوت کر رہی ہوں اور بار بار کسی قاری کی آواز میں لگا کر اپنا تلفظ درست کرنے کی کوشش کرتی ہوں ۔ اس دوران میرے دل میں بس یہی خیال ہوتا ہے کہ میں نے کل اس کو کلاس میں سنانا ہے۔ جبکہ حقیقت میں ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔ میں نے کبھی اس طرح کی قرات وغیرہ کے مقابلوں میں حصہ نہیں لیا ۔ مگر خواب میں تمام وقت یہی احساسات رہے جیسے میں کل سنانے کے لئے خوبصورت انداز میں یاد کر رہی ہوں اور اسی کی تیاری میں یہاں مصروف ہوں ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاھر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بزرگی عطا ہو گی۔ علم و حکمت ملے گی۔ دینی و روحانی معاملات میں ترقی ہو گی۔ گھریلو و کاروباری معاملات میں دشمن پہ فتح نصیب ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور تلاوت قرآن پاک کو باقاعدگی سے جاری رکھیں۔کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

گوشت کے پارچے سجانا
فردوس جہاں، کراچی
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں گوشت کے انتہائی دیدہ زیب پارچے کسی ٹرے میں لگا رہی ہوں جو کہ بھنے ہوئے ہیں اور ان میں سے بہت سوندھی سوندھی خوشبو آ رہی ہے۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ۔ آپ کو علم و ہنر کی دولت نصیب ہو گی۔ جس سے دنیاوی طور پہ بھی آپ کو فائدہ ہو گا ۔ یعنی مال و وسائل میں بھی برکت ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ تلاوت قرآن پاک کو اپنا معمول بنا لیں ۔

لباس پر خون
عظمیٰ بخاری، سکھر
خواب : میں نے دیکھا کہ ہم کہیں گھومنے پھرنے آئے ہوئے ہیں، اچانک میری نظر اپنے میاں کے لباس پہ پڑتی ہے جو کہ سفید تھا اور اب خون آلود ہو چکا ہوتا ہے۔ میں گھبرا کے ان کو دیکھتی ہوں تو وہ مجھے بتاتے ہیں کہ وہ حالت حیض میں ہیں۔ یہ سن کر میں مارے پریشانی کے نیم بے ھوش سی ہو جاتی ہوں ۔

تعبیر: آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ خدانخواستہ کسی کی موت کی خبر بھی ہو سکتی ہے ۔گھریلو اور کاروباری یا تعلیمی معاملات میں بھی پریشانی و رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا شکور یا حفیظ کا ورد کیا کریں۔ حسب استطاعت صدقہ و خیرات بھی کریں ۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔

دفتر میں ملاقاتی
مدثر لیاقت، کوئٹہ
خواب : میں نے کچھ دن پہلے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے دفتر میں بیٹھا کام کر رہا ہوں اور میرے باس کے پاس کوئی ملاقاتی آتے ہیں جو ان کے مصروف ہونے کی بنا پہ میرے پاس بیٹھ جاتے ہیں ۔ میں بھی خواب میں کام کرنے کی بجائے ان سے باتیں کر رہا ہوتا ہوں پھر اذان کی آواز آتی ہے تو وہ کچھ سامان خورونوش نکالتے ہیں اور مجھے اپنے ساتھ روزہ افطار کرنے کی دعوت دیتے ہیں اور میں ان کے ساتھ روزہ افطار کرنے لگ جاتا ہوں ۔ باقی مجھے کچھ یاد تو نہیں مگر یہ خواب عجیب لگا کیونکہ ہمارے آفس کے اوقات اتنے نہیں ہیں کہ ھم افطار تک ادھر رہیں۔ برائے کرم اس کی تعبیر بتا دیں۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو کسی دلی مراد کے پورا ہونے کی طرف دلیل کرتا ہے۔ دینی معاملات میں بہتری کے ساتھ ساتھ دنیاوی معاملات میں بھی آسانی و بہتری ہو گی۔ رزق حلال میں اضافہ ہو گا اور اس کے لئے وسائل مہیا ہوں گے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار بھی کیا کریں ۔

بیمار ہونا
ثروت علی، گجرات
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں بہت زیادہ بیمار ہوں اور بالکل بستر پہ ہوں۔ میرے میاں بھی میری بیماری کی وجہ سے کچھ اکھڑے ہیں اور مجھے کہہ رہے ہیں کہ تم اپنی والدہ کی طرف چلی جاو۔ جسم میں شدید درد کا احساس مجھے تب بھی ہو رہا تھا جب میری آنکھ کھلی۔

تعبیر: آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے گھریلو معاملات یا اولاد کی طرف سے آپ کو کچھ پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ازدواجی معاملات میں بھی بیوی یا شوھر کی طرف سے اسی طرح کے مسلے کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ کاروباری معاملات میں بھی کسی پریشانی سے رکاوٹ ہو سکتی ہے۔ اس کا تعلق کاروباری افراد سے ہو سکتا ہے۔ جو آپ کے بھروسے کو توڑ سکتے ہیں ۔کوشش کریں کہ ان معاملات میں ضروری کاروائی لازمی کریں تا کہ کسی پریشانی سے بچا جا سکے ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ لازمی طور پہ صدقہ و خیرات بھی کریں۔

دوست کی منگنی
ثریا یاسین، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی دوست کی منگنی پہ آئی ہوئی ہوں ۔ میری کالج کی سب دوستیں بھی وہاں موجود ہیں۔ ہم سب خوش گپیوں میں مصروف ہوتے ہیں کہ میری جس دوست کی منگنی ہوتی ہے ۔ وہ میری طرف اشارہ کر کے کہتی ہے کہ یہ تم نے کس طرح کا لباس پہنا ہوا ہے۔ میں جب اپنے کپڑوں کی طرف دیکھتی ہوں تو بہت حیران ہوتی ہوں کہ میں گھر کے بالکل سادہ کپڑوں میں ملبوس ہوتی ہوں جن کو گھر سے باھر پہننے کا میں تصور بھی نہیں کر سکتی، مگر اس وقت تقریب میں خود کو ایسے لباس میں دیکھ کہ میں بہت شرمندہ ہوتی ہوں۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے اور مجھے پھر مزیدکچھ یاد یاد نہیں ۔

تعبیر : یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے آپ کو کوئی پریشانی یا غم آ سکتا ہے ۔کاروبار میں تنگی اور نقصان ہو سکتا ہے جس کی وجہ سے معاشی تنگی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار کی ایک تسبیح لازمی پڑھا کریں ۔ ممکن ہو تو صدقہ و خیرات بھی کریں ۔

کچن میں کام کرنا
نسرین بیگم،گوجرانوالہ
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنی ساس کے ساتھ کچن میں کام کروا رہی ہوں۔ کسی مہمان کے آنے پہ میری ساس کچن سے باہر چلی جاتی ہیں اور مجھے کام کرنے کا کہہ جاتی ہیں ۔ میں جلدی جلدی سبزیاں اور گوشت کاٹنے کی کوشش کرتی ہوں مگر چھری اتنی کند ہوتی ہے کہ ایک سبزی بھی اس سے نہیں کٹ پاتی ۔ میں بہت زور لگاتی ہوں، باقی چھریاں بھی استعمال کر کے دیکھتی ہوں مگر کوئی بھی کام نہیں کرتی ۔گھبراہٹ میں مجھے کچھ سمجھ نہیں آ رہا ہوتا کہ اگر کام نہ ہوا تو میری ساس بہت خفا ہوں گی ۔ مگر میری تمام تر کوشش کے باوجود میں کچھ بھی نہیں کر پاتی۔ اسی دوران میری ساس آ جاتی ہیں اور میں پریشانی میں کھڑی ہو جاتی ہوں ۔

تعبیر : یہ خواب پریشانی پہ دلیل کرتا ہے۔ اللہ نہ کرے کسی ناگہانی مصیبت کا سامنا ہو سکتا ہے، اس کا تعلق کاروباری، تعلیمی اور گھریلو زندگی سے ہو سکتا ہے ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور روزانہ تلاوت قرآن کا اہتمام کریں ۔ اگر گھر میں جگہ ہو تو چھت پہ پرندوں کو کھانا ڈالا کریں ۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی۔

بے لباس ہونا
نیر یوسف، سکھر
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں بے لباسی کی حالت میں کہیں جا رہا ہوں اور ایسے خواب میں اکثر دیکھتا ہوں جن میں خود کو اس طرح دیکھتا ہوں۔ برائے مہربانی مجھے اس خواب کی تعبیر بتا دیں ۔

تعبیر : آپ کا خواب اچھا نہیں۔ اس کے لئے زیادہ سے زیادہ باوضو رہنے کی کوشش کریں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور ہر نماز کے بعد ایک تسبیح استغفار کی پڑھا کریں۔ سیرت کی کتب کا مطالعہ کیا کریں۔ لازمی رات کو سونے سے پہلے ممکن ہو تو رات کے کھانے کے بعد ہلکی سی چہل قدمی کیا کریں ۔ وضو بے وضو یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

بغیر طہارت نماز
ممتاز نذیر، جھنگ
خواب : میں نے دیکھا کہ میں نماز پڑھ رہا ہوں اور اچانک ہی مجھے خیال آتا ہے کہ میں نے تو وضو کیا ہی نہیں اور ایسے ہی طہارت کے بناء مسجد آ گیا ہوں ۔ اس کے بعد مجھے سمجھ نہیں آتی کہ مجھے نماز جاری رکھنی چاھئے یا دوبارہ وضو کرنے کے لئے جانا چاہیے۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی اور مجھے نہیں یاد کہ پھر کیا ہوا ۔

تعبیر : یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی غم یا پریشانی لاحق ہو سکتی ہے۔کاروبار میں نقصان بھی ہو سکتا ہے جس سے مال و وسائل میں کمی آ سکتی ہے اور اس کے علاوہ گھریلو طور پہ پریشانی یا بیماری کا سامنا بھی ہو سکتا ہے خود آپ کو یا کسی اور فرد کو ۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ ادا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔کچھ صدقہ و خیرات کرنے کی کوشش کریں ۔

باغ میں تسبیح پڑھنا
محمد افضل ، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں صبح سیر کو گیا ہوں اور ایک بہت ہی پیارے ھرے بھرے باغ کو دیکھ کر اس میں داخل ہو جاتا ہوں۔ وہاں انتہائی سرسبز درخت ہیں اور پھلدار بھی ۔ مجھے یہ دیکھ کہ بہت خوشی ہوتی ہے اور میں سرشاری کے عالم میں سیر کرتا اور قدرت کی تسبیح کرتا چلا جاتا ہوں۔

تعبیر : ماشاللہ اچھا خواب ہے جو ترقی کو ظاہر کرتا ہے جو کاروباری معاملات میں بھی ہو سکتی ہے اور تعلیمی میدان میں بھی ۔ اللہ کی مہربانی سے رزق میں بھی فراوانی ہو گی اور عزت میں اضافہ ہو گا ۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد جاری رکھا کریں ۔

دوستوں کی دعوت کرنا
اقصیٰ جاوید، لیہ
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے میاں کے ساتھ عمرہ کرنے جا رہی ہوں اور بہت خوش ہوں اسی سلسلے میں اپنے رشتے داروں کو بھی گھر دعوت پہ بلاتی ہوں اور اچھے اچھے کھانے پکا کر آس پاس کے لوگوں کو بھجواتی ہوں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اللہ تعالی کی رحمت و فضل کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ خواب ترقی علم اور دین و دنیا کی بہتری کی طرف دلیل کرتا ہے ۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔ گھر میں پرندوں کو کھانا ڈالنے کا اہتمام کریں ۔

جھولا جھولنا
ماجدہ علی، گجرات
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی دوستوں کے ساتھ کہیں گھومنے آئی ہوں جو کہ ایک فارم ھاوس نما جگہ ہے۔ وہاں کسی نے جھولے ڈالے ہوئے ہیں۔ میں ان کو دیکھ کہ بہت خوش ہوتی ہوں اور لپک کے ایک جھولا پکڑ لیتی ہوں کہ میں اس پہ بیٹھوں گی ۔ یہ کہ کے میں اپنی دوستوں کو چھوڑ کر اس کو جھولنے لگتی ہوں اور بہت مزہ آتا ہے۔ میں اپنی سہیلیوں کو بھی آواز لگاتی ہوں کہ وہ بھی میرے ساتھ شامل ہو جائیں مگر وہ سب دور کھڑی مجھے دیکھتی رہتی ہیں اور میری طرف اشارے کر، کر کے ھنستی رہتی ہیں۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ کوئی خوشی کی خبر ملے گی یا کچھ ایسا ہو گا کہ جس سے دل کو خوشی ملے گی۔کاروباری معاملات ہوں یا گھریلو زندگی۔ کسی طرف سے بھی برکت و خوشی کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ اگر آپ شادی شدہ نہیں تو اس سے مراد شادی بھی ہے۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

گائوں میں سیلاب
مہمند خان ، جہلم
خواب : میں نے دیکھا کہ میرے گاوں میں سیلاب آ چکا ہے اور ہر طرف پریشانی کا عالم ہے۔ میں جلدی جلدی سامان سمیٹ کے باہر نکلنے کی کوشش کرتا ہوں مگر پانی اتنا زیادہ ہوتا ہے کہ میں کوشش کے باوجود خود کو بچا نہیں پاتا اور اس میں ڈوب جاتا ہوں۔ اس کے بعد مجھے کچھ یاد نہیں۔

تعبیر : یہ خواب پریشانی کو ظاہر کرتا ہے۔ لگتا ہے کہ جو سیلاب کی تباہ کاریاں آپ نے دیکھیں، ان کے اثرات ابھی تک ذھن میں نقش ہیں ۔ سونے کے بعد لاشعور حرکت میں آ جاتا ہے اور کیفیت خواب کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں