موبائل آپریٹز نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے اور پیغامات بھیجنے پر رضامند
ایف بی آر کی جانب سے آج پانچ ہزار صارفین کا ڈیٹا بھیجا گیا ہے، ان سموں کو ہفتے تک بلاک کردیا جائے گا
ٹیلی کام آپریٹرز نے نان فائلرز کو سمز بلاک کرنے سے خبردار کرنے کے لئے پیغامات بھیجنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے جبکہ سمز بلاک کرنے کا آٹومیٹڈ نظام وضع کرنے تک ٹیلی کام آپریٹرز نے مینئول طریقے سے چھوٹے بییچز میں نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے کا عمل شروع کرنے ہر اتفاق کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے جمعے کو ٹیلی کام کمپنیوں کو بھجوائے جانے والے پانچ ہزارنان فائلر کے پہلے بیچ کی سمز بلاک کرنے اور خبردار کرنے کے میسجز بھجوانے بارے کمپلائنس رپورٹ کیلئے ہفتے کو گیارہ بجے طلب کرلیا ہے۔
ایف بی آر ہیڈ کوارٹر کے کمیٹی روم میں ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشنز میر بادشاہ خان وزیر کی زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں ٹیلی کام کمپنیوں کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔
ایف بی آر کی جانب سے ٹیلی کام کمپنیوں کے نمائندوں سے کہا گیا ہے کہ جمعے کو بھجوائے گئے پہلے بیچ میں پانچ ہزار نان فائلرز کی بلاک کی جانیوالی سموں بارے کمپلائنس رپورٹ بھی تیار کرکے لائیں۔
ایف بی آر کی طرف اگلا بیچ ہفتے اور تیسرا بیچ اتوار کو بھجوایا جائے گا جبکہ ٹیلی کام کمپنیاں ان بیچز میں شامل نان فائلر کی سمیں بلاک کرکے روانہ کی بنیاد پر ایف بی آر کو رپورٹ پیش کیا کریں گی۔
دوسری جانب ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ فیڈرل بورڈ آ ف ریونیو نے انکم ٹیکس جنرل آرڈر نمبر ایک کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور ٹیلی کام آپریٹرز کے ساتھ اہم ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
ان ملاقاتوں کا مقصد ٹیکس سال2023 کے نان فائلرز کی موبائل فون سمز بلاک کرنے کے اقدامات کو یقینی بنانا ہے اور اس عمل کو سدھارنے کے لیے اور ٹیکس کے قوانین کی پاسداری کے لئے دونوں طرف سے حکام نے کئی ملاقاتیں بھی کیں جس میں ٹیلی کام آپریٹرز نے مینئول طریقے سے چھوٹے بییچز میں سم بلاک کرنے کا عمل شروع کرنے ہر اتفاق کیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی ٹیلی کام کمپنیز نے کہا ہے کہ وہ اس کے لیے اپنے سسٹمز کو خودکار طریقے پر لے جانے کے لیے کام کررہی ہیں۔
اس سلسلے میں جمعہ کے روز پانچ ہزار نان فائلرز پر مشتمل پہلے بیچ کی تفصیلات ٹیلی کام آپریٹرز کو مہیا کر دی گئی ہیں تاکہ ان کی سمز بلاک کرنے کے احکامات پر عمل درآمد کیا جا سکے۔
ٹیلی کام آپریٹرز کو روزانہ کی بنیاد پر مزید بیچز بھیجے جائیں گے۔ مزید برآں ٹیلی کام آپریٹرز نے نان فائلرز کو سمز بلاک کرنے سے خبردار کرنے کے لئے پیغامات بھیجنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے، یہ شراکت داری ایف بی آر اور ٹیلی کام آپریٹرز کی ٹیکس قوانین کی بالادستی اور ٹیکس دہندگان کے لئے ٹیکس کمپلائنس کو یقینی بنانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
ملک میں ٹیکس وصولی کو بڑھانے اور انفورسمنٹ کی طرف یہ ایک اہم قدم ہے۔ ترجمان ایف بی آر نے کہا کہ ان میٹنگز میں شریک تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان میں ٹیکس کمپلائنس کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے اس شراکت داری کو جاری رکھے گا۔۔