بابراعظم کو کپتانی میں بہتری لانے کی ضرورت ہے یونس خان

پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے کی اہلیت اور صلاحیت رکھتا ہے، سابق کپتان


Sports Reporter May 21, 2024
فوٹو: فائل

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ عالمی ٹی20 کپ میں بابراعظم پر بھاری ذمہ داری عائد ہوگی، ان کو اپنی کپتانی میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے کی اہلیت اور صلاحیت رکھتا ہے، ٹیم کی کارکردگی کا انحصار تمام کھلاڑیوں پر ہوگا، عالمی کپ سے پہلے انگلینڈ کے خلاف میچز میں بھرپور تیاری کرتے ہوئے میگا ایونٹ کے لیے بہترین کمبینیشن تیار کیا جائے، پاکستان کے پاس چار سے پانچ اچھے کھلاڑی موجود ہیں جن کو میچ ونرز قرار دیا جا سکتا ہے۔

یونس خان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کا انعقاد ضروری ہے، دونوں ممالک کےدرمیان میچ میں اعصاب کا مقابلہ ہوتا ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز کا انعقاد ہونا چاہیے، ایسے مقابلوں سے اچھے کھلاڑی بھی سامنے آتے ہیں، پاک بھارت کرکٹ کے لیے دونوں ممالک کی حکومتوں کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی کپ میں پاکستان کے لیے بابر اعظم کی کارکردگی اہم ہوگی، بابر کو فرنٹ پر آکر بطور کپتان اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی، بابر اعظم کو ٹیم کے لیے اسی طرح پلاننگ کرنا ہوگی جس طرح وہ اپنے لیے کرتے ہیں، میری خواہش ہے کہ بابر اعظم عالمی کپ میں مین آف دی سیریز ہوں اور پاکستان ایک مرتبہ پھر عالمی کپ کا فاتح بنے۔

یونس خان نے کہا کہ پاکستان کے پاس ایک نہیں بلکہ بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان اور افتخار سمیت پانچ سے چھ کھلاڑی ایسے ہیں جو میچ جتوانے کی اہلیت رکھتے ہیں، بیٹنگ آرڈر اور بولنگ کمبی نیشن میں مزید بہتری لائی جائے تو پاکستان عالمی کپ کے فائنل میں جگہ بنا سکتا ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ اچھے نتائج کے لیے ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری اور کردار ادا کرنا ہوگا، سب کھلاڑیوں کو صورتحال کے مطابق رنز بنانے ہونگے، بیٹرز کی ذمہ داری ہے کہ 15 گیندیں کھیل لیں تو تیز رنز بناٸیں ، اننگ کے درمیانی اوورز میں 10 کی اوسط سے رنز بناٸیں گے تو 200 رنزبنیں گے اور میچ میں پاکستان کی گرفت مضبوط ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔