پاکستان کی ٹریول اینڈ ٹورزم کی عالمی رینکنگ میں 20 درجہ بہتری

عالمی اقتصادی فورم نے پاکستان کو 101 ویں نمبر میں رکھا ہے جو 2019 کے مقابلے میں 20 درجہ بہتر ہے


Zulfiqar Baig May 21, 2024
پاکستان کی 2019 کے مقابلے میں 20 درجے بہتری ہوئی ہے—فوٹو: فائل

پاکستان نے ٹریول اینڈ ٹورزم کی عالمی رینکنگ میں 20 درجہ بہتری کے ساتھ 101 ویں پوزیشن حاصل کرلی۔

عالمی اقتصادی فورم کی جانب سے جاری رپورٹ میں ٹریول اینڈ ٹورازم کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کو 101 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے اور 2019 کے مقابلہ میں 20 درجہ بہتری آئی ہے۔

پاکستان کا 2019 میں اسکور 3.41 تھا جو 2024 میں 3.6 ہو گیا ہے۔

رپورٹ میں پاکستان کو لوئر مڈل انکم معیشت قرار دیتے ہوئے اسے ایشیا اور بحرالکاہل کے گروپ میں رکھا گیا ہے، اس فہرست میں امریکا، اسپین، جاپان، فرانس، آسٹریلیا، جرمنی، برطانیہ، چین، اٹلی اور سوئٹزرلینڈ پہلے 10 ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔

ٹریول اینڈ ٹورزم کی عالمی جی ڈی پی میں سرفہرست 10 ممالک کا حصہ 75 فیصد کے قریب ہے، ایشیا اور بحرالکاہل کے گروپ میں پاکستان نے گزشتہ چند برسوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان قدرتی اور ثقافتی وسائل سے مالا مال ہے تاہم ملک میں ہوائی ٹرانسپورٹ انفرا اسٹرکچر کے مسائل کی وجہ سے ٹریول اینڈ ٹورزم کے شعبے کے لیے چیلنجز بھی موجود ہیں۔

مشال پاکستان کے چیف ایگزیکٹو افسر عامر جہانگیر نے رپورٹ کے اجرا کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری سے ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیےکوششوں کی عکاسی ہو رہی ہے، اس سلسلے میں پاکستان ٹورزم ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور دیگر اداروں کا کردار قابل تعریف ہے۔

انہوں نے ملک میں سیاحت کے شعبے کو مربوط بنانے کے لیے عالمی بینک کے کردار کو اہمیت کا حامل قرار دیا اور کہا کہ پی ٹی ڈی سی اور عالمی بینک نے اس شعبے کے تمام شراکت داروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرکے پبلک پالیسی مذاکرات کی راہ ہموار کی، جس سے صوبوں کو ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا موقع ملا ہے۔

عامر جہانگیر نے کہا کہ رپورٹ سے ٹریول اینڈ ٹورزم کے شعبوں میں عالمی رجحانات سمجھنے اور اس سے سیکھنے کے مواقع ملے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں