کراچی میں میٹرک کے امتحانات کے التوا سے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات متاثر ہونے کا خدشہ

امتحانات کے نئے شیڈول کے مطابق میٹرک کے پرچے انہی مراکزمیں دوبارہ شروع ہوں گے جہاں28 مئی سے انٹر کے امتحانات شیڈول ہیں


Safdar Rizvi May 21, 2024
کئی امتحانی مراکز میں میٹرک اور انٹر کے پرچے شیڈول ہیں—فوٹو: فائل

شدید گرمی کی ممکنہ لہر کے سبب شہر میں میٹرک کے جاری امتحانات ملتوی ہونے سے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات متاثر ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ امتحانی مراکز کی عدم دستیابی کے سبب کراچی میں 28 مئی سے شروع ہونے والے انٹر سال اول و دوم کے سالانہ امتحانات بھی چند روز کے لیے ملتوی کردیے جائیں۔

"ایکسپریس" کو ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی(میٹرک بورڈ) کے ذرائع نے بتایا کہ کراچی میں کم از کم 21 ایسے امتحانی مراکز سامنے آئے ہیں جہاں میٹرک کے سالانہ امتحانات کے لیے امتحانی مراکز بنے ہوئے ہیں جبکہ 28 مئی سے شروع ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات میں بھی صبح اور شام میں ان ہی امتحانی مراکز میں سائنس گروپ(پری انجینئرنگ/پری میڈیکل ) اور سائنس جنرل کے پرچے ہوں گے۔

دوسری جانب میٹرک کے جاری سالانہ امتحانات کو سلسلہ 21 سے 27 مئی تک روکا گیا ہے لہذا یہ پرچے اب نئے شیڈول کے مطابق ان ہی امتحانی مراکز پر دوبارہ شروع ہوں گے جہاں 28 مئی سے انٹر کے امتحانات شیڈول ہیں جس کے سبب انٹرمیڈیٹ بورڈ کو چند روز کے لیے اپنے پرچے ملتوی کرکے ممکنہ طور پر نیا شیڈول جاری کرنا ہوگا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ میٹرک بورڈ کی کوشش ہوگی کہ ملتوی کیے گئے 6 روز کے پرچے 2 یا 3 جون تک نمٹا دیے جائیں تاہم اس دوران تمام متعلقہ 21 امتحانی مراکز پر انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کا انعقاد محال ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اگر میٹرک بورڈ انتظامیہ ملتوی کیے گئے پرچوں کی ری شیڈولنگ کے وقت ان 21 مراکز سے اپنے سینٹر تبدیل کرتی ہے تو ایسی صورت میں ہزاروں طلبہ کو مشکلات کا سامنا ہوگا اور پہلے سے چلتے ہوئے امتحانی مراکز کی اچانک تبدیلی سے طلبہ کو شدید مشکلات پیش آسکتی ہیں۔

ادھر اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے ایک افسر کا کہنا تھا کہ اگر جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق 28 مئی سے ہی امتحانات شروع کیے جاتے ہیں اور میٹرک بورڈ یہاں سے امتحانی مراکز منتقل نہیں کرتا تو ان 21 امتحانی مراکز پر امتحانات ممکن نہیں ہوسکیں گے جبکہ اگر انٹر بورڈ خود امتحانی مراکز تبدیل کرتا ہے تو ان 21 مراکز کے اطراف دیگر ایسے تعلیمی ادارے موجود نہیں جہاں یہ امتحانی مراکز منتقل کردیے جائیں۔

افسر کا کہنا تھا کہ بورڈ کی جانب سے جو ایڈمٹ کارڈ کالجوں میں جاری کیے گئے ہیں اس دفعہ ان پر امتحانی مراکز کے نام بھی تحریر ہیں لہذا اس سلسلے میں بدھ کو اس حوالے سے کوئی فیصلہ متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق کمپری ہینسیو ہائر سیکنڈری اسکول نارتھ ناظم آباد، کمپری ہینسیو ہائر سیکنڈری اسکول فیڈرل بی ایریا، حسینی ہائی سیکنڈری اسکول ناظم آباد اور بحریہ فاؤنڈیشن سمیت دیگر ایسے تعلیمی ادارے ہیں جہاں میٹرک اور انٹر کے امتحانی مراکز پہلے سے دیے گئے شیڈول کے مطابق بنائے گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں