شدید گرمی میں پالتوجانوروں اور پرندوں پر خصوصی توجہ ضروری

موزوں غذاؤں کا انتخاب کر کے جانوروں اور پرندوں کو پانی کی کمی سے محفوظ اور توانا رکھ سکتے ہیں،سینیئر ویٹرنری افسر


آصف محمود May 28, 2024
فوٹو: ایکسپریس نیوز

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت میں پالتو جانوروں اور پرندوں کی دیکھ بھال انتہائی ضروری ہے، مناسب خوراک کا خیال نہ رکھا جائے اور احتیاطی تدابیر اختیارنہ کی جائیں تو جانوروں اور پرندوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

گھروں میں فینسی پرندے اور پالتو جانور پالنے کے شوقین افراد شدید گرمی اور درجہ حرارت میں خود سے زیادہ ان مہمانوں کا خیال رکھتے ہیں۔ گلبرگ لاہور کے رہائشی محمد عمر نے گھر میں مختلف اقسام کے سیکڑوں پرندے پال رکھے ہیں۔

انہوں نے پرندوں کو موسم کی شدت سے بچانے کے لیے نہ صرف ایئرکولر لگا رکھا ہے بلکہ پرندوں کو دن میں متعدد بار گلوکوز ملاپانی ، دانہ اور موسمی پھل خاص طور پر تربوز ، خربوزہ اور دیگر پھل ، سبزیاں خوراک میں دیتے ہیں۔ محمدعمر کی طرح گھروں میں شوقیہ پرندے اور پالتو جانور پالنے والوں نے ایسے ہی انتظامات کیے ہیں۔

دھرم پورہ برڈ مارکیٹ کے صدر خالد اقبال کہتے ہیں کہ مئی سے اگست تک کا موسم پرندوں کے لیے کافی سخت ہوتا ہے۔ گوکہ اللہ تعالی نے پرندوں کو موسم کی شدت کا مقابلہ کرنے کی قدرتی صلاحیت دی ہے لیکن جب پرندوں اور پالتو جانوروں کو پنجروں میں قید رکھا جاتا ہے تو پھر ان کو گرمی اور سردی سے بچانے کے لیے خصوصی انتطامات کرنا پڑتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ براہ راست تیز دھوپ آپ کے جانور یا پرندے کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہے، اس لیے سایہ دار جگہ کا اہتمام بہت ضروری ہے۔ پرندوں کے پنجروں اور جانوروں کو جس جگہ باندھا جاتا ہے اس کے اوپر سائے کا لازمی انتظام کریں ۔

اس کے علاوہ الیکٹرولائٹ کا استعمال ضروری ہے۔ الیکٹرولائٹ کے عدم توازن سے جسم میں پانی کی کمی ہوسکتی ہے۔ پرندوں کو نمکول، گلوزکوز پانی میں ملا کردیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ پانی میں الیکٹرولائٹ شامل کرنے سے، پرندے اپنی پانی کی مقدار میں اضافہ کرتے ہیں، جو جسم کے درجہ حرارت کو مستقل رکھنے میں نہایت موثر طریقے سے مدد کرتا ہے۔ اس کے علاوہ دہی کا پانی بھی پینے کے پانی میں ملا کر استعمال کروایا جاسکتا ہے۔

ٹولنٹن مارکیٹ، دھرم پورہ اور کینال روڈ برڈ مارکیٹ میں دکاندار پرندوں اور دیگرجانوروں جن میں کتے ،بلیاں قابل ذکر ہیں ان پر پانی کا چھڑکاؤ بھی کرتے ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے اپنے پالتو کتوں ، بلیوں کو دن میں دوبار لازمی نہلائیں۔

لاہورسفاری زو کے سینیئر ویٹرنری افسر ڈاکٹر محمد رضوان نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گرمیوں میں موزوں غذاؤں کا انتخاب کر کے جانوروں اور پرندوں کو پانی کی کمی سے محفوظ، ہلکا پھلکا، ٹھنڈا اور قوت بخش رکھ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے جانور اور پرندے جو پھل اور سبزیاں کھاتے ہیں انھیں آپ تربوز، کدو، لوکی، سلاد کے پتے ، پودینہ اور دھنیاں وغیرہ استعمال کرواسکتے ہیں جو ان کے لیے فرحت کا باعث بنیں گے۔ اس کے علاوہ مختلف قسم کے وٹامنز اورمنرل دینا بھی ضروری ہیں۔

ڈاکٹرمحمد رضوان نے کہا کہ جانوروں اور پرندوں کی رہائش گاہوں میں ہوا کے گزر ( وینٹی لیشن ) کا انتظام لازمی کریں ۔ انہیں کنٹرولڈ درجہ حرارت میں رکھیں، ممکن ہوتو درجہ حرارت کو ایک خاص سطح پر رکھنے کے لیے ایئرکولر کا استعمال کریں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پالتو جانوروں اور پرندوں کے ساتھ ساتھ ماحول میں موجود عام پرندوں کا بھی خیال رکھنا ضروری ہے۔ ان پرندوں کے لیے اپنے گھروں کی چھتوں ، سایہ دار جگہوں پر تازہ پانی اور دانے کا انتظام لازمی کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں