لاہور اسلحے کے زور چھینے گئے بکرے مالکان کے حوالے گینگ گرفتار

واقعہ لاہور کے علاقے مغل پورہ میں پیٹرول پمپ پر پیش آیا تھا، بکروں کی مالیت 8 لاکھ روپے تھی


سید مشرف شاہ June 04, 2024
فوٹو اسکرین گریپ

پنجاب کے دارالحکومت کے علاقے مغل پورہ کی حدود میں قائم پیٹرول پمپ پر مسلح افراد نے ملازمین کو یرغمال بنا کر چار بکرے چھین لیے تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گینگ کو گرفتار کر کے جانور مالک کے حوالے کردیے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں عید قربان کی آمد بکرے چھیننے کی وارداتیں عروج پر پہنچ گئیں ہیں، ایک اور واردات میں ڈاکوؤں نے پٹرول پمپ ملازمین کو یرغمال بنا کر واردات کی اور چار قیمتی بکرے چھین کر فرار ہوگئے تھے۔

واقعہ تھانہ مغلپورہ کی حدود میں پیش آیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی۔ جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چار ملزمان پیٹرول پمپ ملازمین کو یرغمال بنا کر واردات کررہے ہیں۔

واقعے کا مقدمہ پیٹرول پمپ مالک طاہر کی مدعیت میں تھانہ مغل پورہ میں درج کیا، مدعی مقدمہ نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ملزمان نے چوکیداروں کو اسپرے سے بے ہوش کیا اور دیگر عملے کو یرغمال بنا کر 8 لاکھ روپے مالیت کے چار بکرے اپنے ساتھ لے گئے۔

دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران کے حکم پر سول لائنز ڈویژن نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مغلپورہ میں قربانی کے بکرے چوری کرنے والے گینگ کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں سرغنہ بلال شاہ اور سلمان شامل ہیں جن سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ مزید دو ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

ترجمان آپریشنز ونگ کے مطابق ملزمان کے قبضہ سے 08لاکھ روپے مالیت کے جانور برآمد ہوئے جنہیں مالکان کے حوالے کردیا گیا ہے، ملزمان کو سیف سٹی اتھارٹیز اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس پی سول لائنز اور ٹیم کو بروقت اور کامیاب کارروائی پر شاباش بھی دی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل پولیس نے اسلحے کے زور پر شہری سے بکرا چھیننے والے دو رکنی گینگ کو گرفتار بھی کیا تھا جس نے پانچ وارداتوں کا انکشاف کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں