انگلش فٹبالر مائیکل اوون سندھ میں ملنے والی محبتوں پر حیران

لیگ سے ملنے والی مہارت اور جدید تکنیک کے بعد پاکستانی فٹ بالرز بین الاقوامی ہیروز میں تبدیل ہوجائیں گے، فٹبالر


Zubair Nazeer Khan June 07, 2024
فوٹو فائل

برطانیہ کے سابق انٹرنیشنل فٹبالر مائیکل اوون نے سندھ میں ملنے والی محبتوں اور پزیرائی حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان فٹبال لیگ، انگلینڈ کے وفد نے سابق انٹرنیشل فٹ بالر انگلینڈ کے مائیکل اوون کی قیادت میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کا دورہ کیا جہاں صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان محمد بخش خان مہر نے وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے وفد کا استقبال کیا۔

وزیر کھیل و امور نوجوانان نے پی ایف ایل لیگ کی دنیا بھر اور بالخصوص پاکستان میں فٹ بال کے فروغ کی خواہش اور کاوش کو سراہا۔ سردارمحمد بخش خان مہر نے وفد کو صوبہ سندھ میں موجود کھیل کے شاندار سہولتوں کے بارے میں آگاہ کیا اور امید ظاہر کی کہ مجوزہ فٹ بال لیگ سے نہ صرف کھیل کو فروغ ملے گا بلکہ اس کے ذریعہ بہترین معاشی مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں 25 کروڑ عوام کھیلوں کے مداح ہیں۔

وفد کے سربراہ مائیکل اوون نے گزشتہ تین دنوں میں ملنے والی بھرپور پذیرائی اور بالخصوص صوبہ سندھ کے عوام کی جانب سے ملنے والی پزیرائی پر مسرت اور اس یقین کا اظہار کیا کہ لیگ کے ذریعے ملنے والی مہارت اور جدید تکنیک کی مدد سے پاکستانی فٹ بالرز بین الاقوامی ہیروز میں تبدیل ہوجائیں گے۔

وفد کے دیگر ارکان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور مجوزہ فٹ بال لیگ کو کامیابی بنانے کیلئے سرکاری سرپرستی کی درخواست کی۔ سیکریٹری کھیل جلال الدین مہر نے وفد کو یقین دلایا کہ بلاول بھٹو زرداری چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر کی قیادت میں کھیلوں اور نوجوانوں کیلئے کیئے جانے والے ایسے تمام منصوبوں کو سندھ سرکار کی سرپرستی حاصل رہے گی۔

دریں اثناء وفد کے تمام اراکین کو سندھ کی روایتی اجرک اور ٹوپی کا تحفہ پیش کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔