این ای ڈی کا 2900 نئے طلبہ سمیت تمام انڈرگریجویٹس کیلئے اسکالرشپ کا اعلان

تمام انڈرگریجویٹ طلبہ کو 100 فیصد سے 20 فیصد اسکالرشپ دی جائے گی اور اس کے لیے 23 کروڑ 30 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں


Safdar Rizvi June 08, 2024
این ای ڈی کی سنڈیکیٹ کی منظوری کے بعد اس کا نفاذ کردیا گیا ہے—فوٹو: فائل

این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے زیر تعلیم اور نئے داخلہ لینے والے تمام انڈر گریجویٹ طلبہ کے لیے 100 فیصد سے 20 فیصد تک اسکالر شپ دینے کا اعلان کردیا ہے، جس کے لیے 23 کروڑ 30 لاکھ روپے مختص کردیے گئے ہیں۔

این ای ڈی یونیورسٹی کے اعلان پر عمل درآمد کے لیے سینڈیکیٹ سے منظوری کے بعد اسے انڈر گریجویٹ فیلو شپ پروگرام کے نام سے جاری بھی کردیا گیا ہے، فیلو شپس کو معروف قومی شخصیات قائد اعظم، علامہ اقبال، لیاقت علی خان، سرسید احمد خان، مولانا محمد علی جوہر اور محترمہ فاطمہ جناح سے منسوب کیا گیا ہے۔

نئے فیلو شپ پروگرام کے لیے سالانہ 23 کروڑ 30 لاکھ روپے رکھے گئے ییں اور این ای ڈی یونیورسٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس طرح کی اسکالر شپ دینے کی مثال پاکستان کی کسی بھی جامعہ میں اس سے قبل موجود نہیں ہے لہٰذا یہ اسکالر شپ پروگرام ملک میں اعلیٰ تعلیم کے افق پر ایک نیا معیار قائم کرنے جا رہا ہے، جس کی بدولت کسی بھی طالب علم کو محض مالی مجبوری کی بنیاد پر اپنا تعلیمی سلسلہ ترک نہیں کرنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ مذکورہ فیلو شپ پروگرام پہلے سے جاری 20 کروڑ روپے کے اسکالر شپ پروگرام کے علاوہ ہے۔

این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش لودھی کے مطابق " کراچی بورڈ کے 34، اے لیول کے 8 اور دیگر بورڈز کے طلبہ بھی اسی تناسب سے 100 فیصد اسکالر شپس لے سکیں گے، نئے 2900 طلبہ کو اسکالر شپس دی جائیں گی جس میں مختص نشستوں کے لحاظ سے کراچی بورڈ کے 1500، 300 اے لیول، 60 حیدرآباد،میرپورخاص بورڈ کے طلبہ کو اسکالر شپس دی جائیں گی۔

"ایکسپریس" کو فیلو شپ پروگرام سے سے متعلق ملنے والی معلومات کے مطابق جناح میرٹ فیلو شپ میں تمام تعلیمی بورڈ سے داخلے کے لیے رجوع کرنے پر میرٹ پر آنے والے 50 سرفہرست طلبہ کو 100 فیصد ٹیوشن اور امتحانی فیس دی جائے گی۔

اقبال لیڈر شپ فیلو شپ میں میرٹ پر 51 سے 100 تک رینک لینے والے طلبہ کو 70 فیصد فیلو شپ ملے گی، سرسید وژنری فیلو شپ میں میرٹ پر 101 سے 150 رینک تک کے طلبہ 50 فیصد، جوہر فیلو شپ کے نام سے جاری اسکالر شپ میں 151 سے 225 تک رینک کے طلبہ 30 فیصد، لیاقت علی خان ایکسیلینس فیلو شپ میں 225 سے لے کر 325 رینک کے طلبہ 25 فیصد، فاطمہ جناح اکیڈمک فیلو شپ میں 401 سے اوپر رینک کے طلبہ 20 فیصد فیلو شپ لے سکیں گے۔

این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش لودھی کے مطابق فیلو شپ کی مطلوبہ اہلیت کے حامل طلبہ کی فہرست داخلے کے موقعے پر میرٹ لسٹ کے ساتھ این ای ڈی کی ویب سائٹ پر جاری ہوگی۔

یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلبہ کے لیے اعلان کیا گیا ہے کہ جو طلبہ پہلے سے انرولڈ ہیں ان میں ہر پروگرام کے سرفہرست 3 طلبہ کو پہلے سمسٹر کے بعد فیلو شپ ان کی سی جی پی اے کی بنیاد پر دی جائے گی، ان طلبہ میں فرسٹ پوزیشن ہولڈر کے لیے بھی جناح میرٹ فیلو شپ میں 100 فیصد ٹیوشن فیس، سیکنڈ پوزیشن ہولڈر کے لیے اقبال لیڈر شپ فیلو شپ کے تحت 70 فیصد فیلو شپ، تھرڈ پوزیشن ہولڈر کے لیے سرسید ویژنری فیلو شپ کے تحت 50 فیصد ٹیوشن فیس ادا کی جائے گی۔

مزید براں پہلے سے انرولڈ 2 سی جی پی اے سے زائد مارکس لینے والے طلبہ جوہر فیلو شپ کے تحت ٹیوشن فیس میں 22 فیصد رعایت لے سکیں گے جبکہ 2.0 سی جی پی اے سے کم مارکس کے حامل طلبہ کے لیے 15 فیصد ٹیوشن فیس کی رعایت ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔