عید الاضحی پر ملک بھر میں 500 ارب روپے سے زائد مالیت کے 68 لاکھ جانور قربان

مجموعی طور پر تین دنوں میں ملک بھر میں 68 لاکھ مویشی قربان کیے گئے، جن میں 29 لاکھ گائے اور 33 لاکھ سے زائد بکرے ہیں


Kashif Hussain June 19, 2024
فوٹو انٹرنیٹ

پاکستان بھر میں رواں سال 500 ارب روپے مالیت کے 68 لاکھ سے زائد مویشی اللہ کی راہ میں قربان کیے گئے ہیں۔

پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے تین دنوں میں ملک بھر میں 29 لاکھ گائے، 33 لاکھ بکرے جبکہ 3 لاکھ 85 ہزار بھیڑیں اور دنبے قربان کیے گئے ہیں۔

آغا سیدین رکن سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں 98 ہزار اونٹوں کی بھی اللہ کی راہ میں قربانی دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ایک لاکھ 65 ہزار کے لگ بھگ بھینسے بھی سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے ذبح کیے گئے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق قربانی کے جانوروں کی مالیت 500 ارب روپے سے زائد تھی جن کی کھالوں کی مالیت کا تقریبا 8.5 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سخت گرمی اور غیرمناسب ہینڈلنگ سے 40 فیصد کھالیں ضائع ہونے کا خدشہ ہے، عید الاضحی پر قربانی کے جانوروں سے لیدر انڈسٹری کی 20 فیصد طلب پوری ہوتی ہے، رواں سال ملنے والی کھالیں 20 فیصد سے بھی کم طلب پوری کریں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔