ان فٹ کرکٹرز کو گھر کا راستہ دکھانے کی تیاری

بنگلہ دیش سے ٹیسٹ سیریز کیلیے تربیتی کیمپ24جولائی سے کراچی میں لگنے کاامکان


Sports Desk June 22, 2024
بنگلہ دیش سے ٹیسٹ سیریز کیلیے تربیتی کیمپ24جولائی سے کراچی میں لگنے کاامکان

ان فٹ کرکٹرز کو گھر کا راستہ دکھانے کی تیاری کرلی گئی، فٹنس کے طے شدہ پیمانے پر پورا نہ اترنے والے کھلاڑیوں کو منتخب نہ کرنے کی پالیسی اپنائی جائے گی، ہر سیریز سے قبل فٹنس ٹیسٹ کا اہتمام بھی کرنے پر غور ہونے لگا۔

دریں اثنا سابق ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے ایک بار پھر اپنے الزام کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ مکی آرتھر، گرانٹ بریڈ برن اور بابر اعظم نے فٹنس کو ترجیح دینے کا سسٹم ختم کیا،اس سے ٹیم کی کارکردگی متاثر ہوئی۔

دوسری جانب بنگلہ دیش سے ہوم ٹیسٹ سیریز کیلیے تربیتی کیمپ 24 جولائی سے کراچی میں لگنے کا امکان ہے، ریڈ بال کوچ جیسن گلیسپی نگرانی کریں گے، میچز کی میزبانی راولپنڈی اور ملتان کو سونپی جا سکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کی غیرمعیاری کارکردگی اور پہلے راؤنڈ سے اخراج کی ایک وجہ ان فٹ پلیئرز کو مواقع دینا بھی قرار دی جا رہی ہے، بعض کھلاڑیوں کی فٹنس پر ٹی وی کمنٹیٹرز نے بھی سوال اٹھائے تھے، اب ان فٹ کرکٹرز کو آئندہ منتخب نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیاہے۔

اس کا اطلاق بنگلہ دیش کیخلاف سیریز سے ہی ہوگا،سو فیصد فٹ نہ ہونے والے کسی بھی کھلاڑی کو ٹیم میں نہیں لیا جائے گا، فٹنس کے پیمانے پر پورا اترنے والے ہی انتخاب کے اہل ہوں گے، ہر سیریز سے قبل فٹنس ٹیسٹ لینے پر بھی غور جاری ہے،دریں اثنا سابق ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے ایک بار پھر اپنے الزام کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ مکی آرتھر، گرانٹ بریڈ برن اور بابر اعظم نے فٹنس کو ترجیح دینے کا سسٹم ختم کیا،ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ فٹنس کو نظرانداز کرنے کا اثر آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں ٹیم کی کارکردگی پر بھی پڑا۔

جب میں نے ٹرینر سے پوچھا کہ کھلاڑی کیوں فٹ نظر نہیں آ رہے تو ان کا حیران کن جواب تھا کہ سابقہ مینجمنٹ نے ہدایت دی تھی کہ ورلڈکپ 2023 تک فٹنس کے معاملات کو چھوڑو اور پلیئرز جیسے کھیلنا چاہتے ہیں ویسے کھیلنے دو،میں نے انہی کی ہدایات پر عمل کیا،حفیظ نے مزید کہا کہ اسی وجہ سے ہم آسٹریلیا سے ٹیسٹ کی آخری اننگز میں جدوجہد کرتے رہے، مطلوبہ معیار کا فٹنس لیول نہ ہونے کے سبب کھلاڑی تھکاوٹ کا شکار نظر آئے۔ دریں اثنا ہوم سیریز کیلیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ 24 جولائی سے کراچی میں لگنے کا امکان ہے۔

سینئر کرکٹرز کے ساتھ شاہینز بھی ٹریننگ کریں گے، انھیں آسٹریلیا کے دورے پر جانا ہے، نئے ریڈ بال کوچ جیسن گلیسپی آئندہ ماہ پاکستان پہنچ رہے ہیں، وہ کیمپ کی نگرانی کریں گے، ٹیسٹ کپتان شان مسعود ان دنوں انگلینڈ میں کاؤنٹی ٹیم کی جانب سے کرکٹ کھیل رہے ہیں، وہ بھی سیزن ختم ہونے سے قبل ہی وطن واپس آ جائیں گے، بنگلہ دیش کیخلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز اگست میں ہوگی،اس کے بعد اکتوبر میں انگلش ٹیم پاکستان کی مہمان بنے گی، نومبر میں گرین شرٹس کا دورئہ آسٹریلیا طے ہے۔

اس میں 3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے، اس سیریز سے قبل بابر اعظم کی کپتانی کے حوالے سے کوئی فیصلہ ہو گا۔ ان دنوں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تعمیراتی کام جاری ہے، آئندہ سال شیڈول چیمپئنز ٹرافی سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا، بنگلہ دیش سے ہوم سیریز کے ٹیسٹ میچز کی میزبانی راولپنڈی اور ملتان کو سونپی جا سکتی ہے، آئندہ چند دنوں میں پی سی بی شیڈول اور وینیوز کا اعلان کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں