شائقین کو بے آرام کرنے والے کرکٹرز کے لیے آرام

کل سے کراچی میں شروع ہونے والے کیمپ میں 25 کرکٹرز شرکت کریں گے


Sports Desk June 23, 2024
(فائل: فوٹو)

ورلڈکپ میں 4 میچز کھیلنے والے کھلاڑیوں پر بورڈ کو 'ترس' آگیا، شائقین کو بے آرام کرنے والے کرکٹرز کیلیے آرام تجویز کرتے ہوئے پری سیزن فٹنس و فیلڈنگ کیمپ سے مکمل استثنیٰ دے دیا،

کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف کھلاڑیوں کو بھی واپس نہیں بلایا گیا، کل سے کراچی میں شروع ہونے والے کیمپ میں 25 کرکٹرز شرکت کریں گے، 7 جولائی کے بعد صرف اے ٹیم 'شاہینز' میں شامل کھلاڑی آسٹریلیا کے ٹور کی تیاری کریں گے، ریڈ بال کوچ جیسن گلیسپی رہنمائی کرنے کے ساتھ ڈارون بھی ہمراہ جائیں گے، پری سیزن کیمپ کیلیے طلب کیے گئے کرکٹرز میں سرفراز احمد، عبداللہ شفیق امام الحق، محمد حارث، وسیم جونیئر، سعود شکیل، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر بھی شامل ہیں، اسپنر اسامہ میر کو نہیں بلایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پری سیزن فٹنس، فیلڈنگ اور اے ٹیم شاہینز کے تربیتی کیمپ کی تفصیلات جاری کردی ہیں، یہ کیمپ کراچی میں لگایا جائے گا، 24 جون سے 7 جولائی تک پری سیزن کیمپ میں 25 کرکٹرز شرکت کریں گے، کراچی میں ہی شاہینز 8 سے 13 جولائی تک تربیتی کیمپ میں ڈارون آسٹریلیا کے دورے کی تیاری کریں گے۔

شاہینز کا یہ دورہ 14 جولائی سے 18 اگست تک شیڈول ہے، ڈارون میں پاکستان شاہینز بنگلہ دیش اے کے خلاف دو 4 روزہ میچز کھیلیں گے، 50 اوورز کے 2 میچز ناردن ٹیریٹری اور بنگلہ دیش اے کے خلاف ہوں گے،شاہینز کو 9 ٹیموں کی ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز میں بھی شرکت کرنا ہے۔ پاکستان کے ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی 8 سے 13 جولائی تک شاہینز کے تربیتی کیمپ کی نگرانی کریں گے، وہ بطور ہیڈ کوچ ڈارون بھی جائیں گے۔

گلیسپی 29 جولائی کو بنگلہ دیش اے کے خلاف دوسرے چار روزہ میچ کے بعد پاکستان واپس آجائیں گے، یہاں انھیں بنگلہ دیش کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی ہوم سیریز میں ذمہ داری سنبھالنی ہے۔ پری سیزن فٹنس اور فیلڈنگ کیمپ کی نگرانی محمد مسرور کریں گے، وہ اسسٹنٹ کوچ اور منیجر کے طور پر ڈارون بھی جائیں گے، عبدالرحمان وائٹ بال ہیڈ کوچ کے طور پر 28 جولائی کو ڈارون میں 2 ون ڈے اور ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان شاہینز کو جوائن کریں گے۔

قومی ٹیم کے کھلاڑی جو اس وقت انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیل رہے ہیں، یا آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں حصہ لیا انھیں پری سیزن کیمپ سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

قومی سلیکشن کمیٹی کے اعلان کردہ پری سیزن فٹنس اور فیلڈنگ کیمپ کے لیے کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، فیصل اکرم، حسیب اللہ، حنین شاہ، امام الحق، محمد عرفان خان ، کامران غلام، کاشف علی، خرم شہزاد، مہران ممتاز، محمد حارث ، محمد حریرہ ، وسیم جونیئر، مبصر خان، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان، ثمین گل، سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہنواز دھانی، طیب طاہر، عمر امین، عثمان قادر اور زاہد محمود شامل ہیں۔

آئندہ ہفتے کیمپ میں مزید ایک کھلاڑی کو شامل کیا جائے گا۔ دورئہ آسٹریلیا کیلیے اعلان کردہ پاکستان شاہینز کا اسکواڈ حسیب اللہ ، حنین شاہ، محمد عرفان خان ، کامران غلام، کاشف علی، خرم شہزاد، مہران ممتاز، محمد حریرہ، مبصر خان، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان، شاہنواز دھانی، طیب طاہر اور عمر امین پر مشتمل ہے، کپتان اور مزید ایک کھلاڑی کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں