کے الیکٹرک نے کراچی کو برباد کردیا حلیم عادل شیخ
شہر میں 18 سے 20 گھنٹے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، صدر پی ٹی آئی سندھ
پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک نے کراچی کو برباد کردیا ہے، عوام کے اصل نمائندوں کی جگہ جعلی نمائندے اسمبلیوں میں ہونگے تو کراچی لاوارث ہی ہوگا۔
کراچی سینٹرل جیل میں خصوصی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کراچی میں 18 سے 20 گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، ڈیڑھ درجن سے زائد لاوارث لوگ گرمی سے مر چکے ہیں، کے الیکٹرک ایک کلر کمپنی بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اس وقت دہشتگرد سمجھا جارہا ہے، کراچی کو مینڈیٹ چوروں کے حوالے کر دیا گیا ہے، سندھ میں یزیدی دور چل رہا ہے۔ کراچی میں نہ بجلی آتی ہے نہ پانی، عوام پریشان ہے، واٹر بورڈ پیپلزپارٹی کے پاس ہے لیکن عوام پانی سے محروم ہے۔
قبل ازیں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے روبرو سانحہ 9 مئی کے 3 اور پی ایس 88 ملیر کے انتخابات میں ہنگامہ آرائی کے 2 مقدمات کی سماعت ہوئی جس میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ و دیگر ملزمان پیش ہوئے۔ عدالت نے سانحہ 9 مئی کے 3 مقدمات کی سماعت 18 جولائی تک ملتوی کردی۔