پنشن اسکیم میں مجوزہ ترمیم پنشن آخری دو برسوں کی تنخواہ کے 70 فیصد کے برابر

سرکاری ملازمین کی پنشن آخری دوبرسوں کی تنخواہ کے 70فیصد کے برابر ہوگی، 25سال نوکری کے بعد رضاکارانہ ریٹائرہوسکیں گے


Irshad Ansari June 27, 2024
وفاقی حکومت نے پنشن اسکیم میں ترامیم تجویز کردی ہیں—فوٹو: فائل

وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری ملامزین کی پنشن اسکیم میں کی گئیں مجوزہ ترامیم کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جس کے مطابق سالانہ اضافہ دو سال کی اوسط مہنگائی کے 80 فیصد کے برابر ہوگا اور پنشن آخری دو برسوں کی تنخواہ کے 70 فیصد کے برابر ہوگی۔

پنشن اسکیم میں تجویز کی گئیں ترامیم کے مطابق ریٹائرمنٹ کے بعد سرکاری نوکری کرنے پر پینشن یا تنخواہ میں سے کوئی ایک چیز ملے گی، سرکاری ملازمین کو آخری دو سالوں کی تنخواہ کے اوسط 70 فیصد کے برابر پنشن دی جائے گی اور ریٹائرمنٹ سے دوسال پہلے تنخواہ کے 70 فیصد کے برابر گراس پنشن ملے گی۔

مجوزہ ترمیم میں بتایا گیا ہے کہ 25 سال نوکری کے بعد سرکاری ملازم رضاکارانہ طور پر ریٹائر ہوسکیں گے۔

وفاقی حکومت کی مجوزہ ترامیم کے مطابق پنشن میں سالانہ اضافہ دو سال کی اوسط مہنگائی کے 80 فیصد کے برابر ہوگا اور رضاکارانہ ریٹائرمنٹ پر 60 سال تک پہنچنے پر پنشن سے 3 سے 20 فیصد تک سالانہ کٹوتی ہوگی۔

ذرائع نے بتایا کہ پنشن اسکیم میں ترامیم وزارت خزانہ، دفاع اور وزارت داخلہ کی مشاورت سے تیار کی گئی ہیں، مجوزہ ترامیم کے مطابق ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ سرکاری نوکری کرنے والے کو پنشن ملے گی یا تنخواہ ملے گی، ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ نوکری کرنے پر صرف ایک محکمے سے پنشن ملے گی۔

سرکاری ملازم میاں اور بیوی کی ریٹائرمنٹ کے بعد کسی ایک کے فوت ہونے پر دونوں کی پنشن ملے گی، پنشنر کی وفات کے 10 سال بعد تک اس کے اہل خانہ کو پنشن مل سکے گی۔

تجویز دی گئی ہے کہ حادثاتی طور پر ریٹائر ہونے والے سرکاری ملازم کو 60 سال کی عمر تک پنشن ملے گی، سرکاری ملازم کی موت کی صورت میں اس کی فیملی کو 25 سال تک پنشن ملے گی۔

اسی طرح پنشنرز کے بچے جسمانی یا ذہنی معذور ہونے کی صورت میں عمر بھر پنشن حاصل کریں گے۔

مجوزہ ترمیم کے مطابق مسلح افواج کے ملازمین کی اور سول آرمڈ فورسز سے رضا کارانہ ریٹائرمنٹ پر پنشن سے 3 سے 20 فیصد سالانہ کٹوتی ہوگی۔

پنشن کے حوالے سے ایک اور تجویز یہ ہے کہ سرکاری ملازم کو ریٹائرمنٹ پر آخری دو سال کی بنیادی تنخواہ کے اوسط سے 70 فیصد پنشن ملے گی، سرکاری ملازمین 25 سال نوکری کے بعد رضاکارانہ طور پر ریٹائر ہو سکیں گے، قبل از وقت رضاکارانہ ریٹائرمنٹ پر 60 سال کی عمر تک سالانہ پنشن سے کٹوتی ہوگی، پنشن میں سالانہ اضافہ ریٹائرمنٹ کے وقت ملنے والی پنشن کی بنیاد پر ہی ملے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔