2 لاکھ 28 ہزار انکم ٹیکس نان فائلرز کی موبائل سمیں بلاک
انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے پر 62 ہزار بلاک شدہ سمز بحال کی گئی ہیں، ایف بی آر حکام
فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کی جانب سے جاری کردہ انکم ٹیکس جنرل آرڈر کے تحت ٹیلی کام کمپنیوں نے مجموعی طور پرتک 2 لاکھ اٹھائیس ہزار نان فائلرز کی موبائل سمز بلاک کردیں جبکہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے پر باسٹھ ہزار بلاک شدہ سمز بحال کی گئی ہیں۔
اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے حکام کا کہنا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور ایف بی آر کی طرف سے بھجوائے جانے والے بیجز پر ٹیلی کام کمپنیاں نان فائلرز کی سمیں بلاک کرکے کمپلائنس رپورٹس فراہم کررہی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 2 لاکھ 28 ہزار نان فائلرز کی موبائل سمز بلاک کی جاچکی ہیں جبکہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے پر باسٹھ ہزار سمز بحال کی گئی ہیں۔ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ ٹیلی کام کمپنیوں کو روزانہ کی بنیاد پر 5 ہزار موبائل سمز کا ڈیٹا بھیجا جا رہا ہے اور مجموعی طور پر 5 لاکھ 6 ہزار 6 سو 71 نان فائلزز کی سمز بلاک ہوں گی۔
واضغ رہے کہ گزشتہ دنوں ایف بی آر نے پانچ لاکھ 6 ہزار سے زائد افراد کی موبائل سم بند کرنے کیلئے انکم ٹیکس جنرل آرڈر جاری کیا تھا۔