پاکستان ٹیم کی ناقص پرفارمنس کا سبب ’سسٹم‘ قرار
ورلڈکپ کے فائنل میں اکشر پٹیل کی بولنگ پر رنز بنے مگر وہ اس سے خراب بولر نہیں بن گئے
پاکستان ٹیم کی ناقص پرفارمنس کا سبب 'سسٹم' کو قرار دیا جانے لگا، سابق چیئرمین پی سی بی و کپتان رمیز راجہ نے کہا کہ معاملات میں مستقل مزاجی کی ضرورت ہوتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق رمیز راجہ نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا کہ میں سمجھتا ہوں ٹی 20 میں دباؤ مختلف ہوتا ہے،اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ ایک مشکل فارمیٹ ہے لیکن آپ بھارت کو دیکھیں کہ کس طرح کھلاڑیوں کو سپورٹ کیا جاتا ہے، ورلڈکپ کے فائنل میں اکشر پٹیل کی بولنگ پر رنز بنے مگر وہ اس سے خراب بولر نہیں بن گئے۔
پاکستان کا مسئلہ کھلاڑیوں کی کارکردگی میں اتار چڑھاؤ بہت زیادہ ہونا ہے، ہم میچ صورتحال کو سمجھ ہی نہیں سکتے، جہاں تک قیادت کا معاملہ ہے تو سسٹم ہی اچھا کپتان فراہم کرتا ہے، جادو کی چھڑی گھمانے سے کپتان نہیں مل جاتا۔
یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم کی کپتانی، ڈومیسٹک سسٹم کیسا ہو؟ مشاورت کیلئے سابق کرکٹرز طلب
پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ جب بھی نئی انتظامیہ آئے وہ نیا سسٹم لاتی ہے، اس لیے ہم ہر بار نیا آغاز کرتے ہیں، جب آپ پہلے سے چوتھے گیئر میں جاتے ہیں تو حکومت تبدیل ہوچکی ہوتی ہے، ہم پھر پہلے والی جگہ پر ہوتے ہیں، آپ کو بہتر سسٹم اور اس میں مستقل مزاجی کی ضرورت ہے، پاکستان میں بہت زیادہ بہتری درکار ہے، آپ کو مختصر اور طویل المدتی منصوبہ بندی کی ضروت ہے، مگر ایسے منصوبوں پر عمل ہی نہیں ہوسکتا کیونکہ کوئی بھی نہیں جانتا کہ ایک سال میں کیا ہوگا ، اسی سے کرکٹ میں بہت زیادہ مسائل ہوتے ہیں۔