کراچی برآمد شدہ موٹرسائیکلیں غائب کرنے پر ہیڈمحرر اور ڈیوٹی افسر کے خلاف مقدمہ درج
تھانے کی حدود سے 2 موٹر سائیکلیں لاوارث حالت میں ملی تھیں جو ہیڈ محرر اپنے ساتھ لے گیا تھا، مدعی مقدمہ
شہر قائد کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے کیس پراپرٹی کی موٹر سائیکلیں غائب کرنے کے الزام میں ہیڈ محرر اور ڈیوٹی افسر کے خلاف سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔
ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن ملک سلیم نے بتایا کہ مقدمہ الزام نمبر 861 سال 2024 بجرم دفعات 393 ، 409 چونتیس اور 155 سی پولیس آرڈر 2002 کے تحت تھانے کے سنتری محمد شریف کی مدعیت میں ہیڈ محرر شاکر اور ڈیوٹی افسر نیک زادہ کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
مدعی مقدمہ کے مطابق وہ 2 سال سے تھانے میں تعینات ہے اور تھانے کے مین گیٹ پر صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک سنتری ڈیوٹی کے فرائض انجام دیتا ہے، تھانے کی حدود سے 2 موٹر سائیکلیں لاوارث حالت میں ملی تھیں جو ہیڈ محرر اپنے ساتھ لے گیا جبکہ ایک اور موٹر سائیکل ڈیوٹی افسر نیک زادہ بھی پہلے لے گیا تھا۔
مدعی مقدمہ کے مطابق وہ 9 جولائی کی صبح 8 بجے اے ایس آئی نیک زادہ ہنڈا 125 موٹر سائیکل KDY-5742 اپنے ساتھ لے کر جارہا تھا جس کو میں نے تھانے سے لیجاتے ہوئے روک دیا اور موٹر سائیکل کو تھانے میں واپس کھڑی کروا دی۔ ایس ایچ او ملک سلیم نے مزید بتایا کہ ڈیوٹی افسر اور ہیڈ محرر نے تھانے میں مختلف کیس پراپرٹی میں موجود 3 موٹر سائیکلیں، 2 جنریٹر جو رینجرز کی جانب سے پولیس کو کیس پراپرٹی کے طور پر جمع کرائے گئے تھے اور پانچ ، پانچ کلو کے 152 کٹے چھالیہ بھی تھانے سے غائب کی گئی ہیں جس کی مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہے ۔
انھوں نے بتایا کہ اس حوالے سے کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی جبکہ مقدمے کی مزید تفتیش انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دی گئی ہے۔