ڈالر کے انٹربینک ریٹ میں معمولی اضافہ
اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 05پیسے کمی سے 280روپے 50پیسے کی سطح پر بند ہوئی
عالمی سطح پر اہم کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں کمی کے باوجود پاکستان میں انٹربینک کی سطح پر جمعرات کو بھی ڈالر کی قدر میں محدود پیمانے پر اضافے کا رحجان برقرار رہا تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی واقع ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے چوتھے یعنی جمعرات کو بھی انٹربینک اور اوپن مارکیٹ ایک دوسرے کی مخالف سمت پر گامزن رہی۔ ڈالر کے انٹربینک ریٹ میں اضافے کی بنیادی وجہ خام تیل کی عالمی قیمت 12 سے 21سینٹس فی بیرل بڑھنے کا دباؤ اور آئی ایم ایف نئے قرض پروگرام میں شمولیت کے لیے ڈی بتدریج ویلیوایشن اسینٹیمنٹس قرار دیا جارہا ہے۔
پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کی تمام مطلوبہ شرائط اگرچہ پوری کردی گئی ہیں لیکن عالمی مالیاتی فنڈ مزید نئی شرائط بھی عائد کررہا ہے تاہم رواں ماہ کے اختتام تک قرض پروگرام منظور ہونے کی توقعات ہیں۔
انٹربینک مارکیٹ میں انہی امیدوں پر ڈالر کی قدر ایک موقع پر 09 پیسے کی کمی سے 278روپے 42پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی تاہم کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 278روپے 60پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
اسکے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 05پیسے کمی سے 280روپے 50پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔