پشاور کے مکینوں نے گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوکر بجلی بحال کرادی
اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے مساجد اور گھروں میں پانی ختم ہوگیا، مظاہرین
خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں لوڈ شیڈنگ سے عاجز شہریوں نے گریڈ اسٹیشن میں داخل ہوکر بجلی بحال کروادی۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں گرڈ اسٹیشن دلزاک میں علاقہ مکین داخل ہوئے اور انہوں نے زبردستی بجلی بحال کرادی۔
مظاہرین نے پیسکو انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور کہا کہ 18 گھنٹوں تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، بجلی نہ ہونے سے گھروں اور مساجد میں پانی ناپید ہوگیا ہے۔
مظاہرین کے گرڈ اسٹیشن میں داخل ہونے پر پیسکو انتظامیہ نے پولیس کو طلب کیا جہاں افسران نے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کیے اور پھر وہ کامیاب مذاکرات کے بعد گرڈ اسٹیشن سے روانہ ہوگئے۔
پیسکو ترجمان نے کہا کہ دلزاک گریڈ اسٹیشن فیڈرز پر 70 فیصد سے زائد لاسز ہیں جس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔