مہنگائی میں مزید اضافہ رواں ہفتے 23 اشیا کی قیمتیں بڑھ گئیں ادارہ شماریات
حالیہ ہفتے 6 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ 22اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا
ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کا رجحان جاری ہے، حالیہ ہفتے ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0.11فیصداضافہ ہوا ہے جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح کم ہوکر23.33 فیصد ہوگئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتہ میں روزمرہ استعمال کی 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور 6 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ 22اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
اعدادوشمار کے مطابق پاؤڈر دودھ کی قیمت میں 6.07 فیصد،چکن 16.34 فیصد، تازہ کھلا دودھ 1.37فیصد، دال چنا 3.47 فیصد ، دال مونگ کی قیمت میں 1.02 فیصد اور دال مسور کی قیمتوں میں 1.23فیصداضافہ ہوا۔
دوسری جانب آلوکی قیمت میں 0.86 فیصد، پیاز1.55 فیصد، ٹماٹر19.47 فیصد،انڈے 0.61 فیصد اور آٹے کی قیمت میں 0.61فیصد کمی ہوئی ہے۔
اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح0.17 فیصد کمی کے ساتھ16.17 فیصد، اور 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے 0.08 فیصد کمی کے ساتھ 20.10 فیصد رہی۔
اسی طرح 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح0.02 فیصد اضافے کے ساتھ 25.93 فیصد اور 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے0.099 فیصداضافے کے ساتھ 23.50فیصد رہی۔
ادارہ شماریات کے مطابق 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح0.19 فیصداضافے کے ساتھ 21.37فیصد رہی۔