یورو کپ فٹ بال انگلینڈ کی نگاہیں ٹائٹل کے حصول پر مرکوز

16 برس 363 دن کی عمر میں ریکارڈ بنانے والے اسٹار فٹبالر کو اسپین کی فراری قرار دیا گیا


Zubair Nazeer Khan July 14, 2024
(فوٹو: انٹرنیٹ)

فٹبال کے دوسرے سب سے بڑے عالمی ایونٹ یورو کپ 2024 کا اختتامی مرحلہ آ پہنچا، جرمنی کی میزبانی میں کھیلے جانے والے 17 ویں ایڈیشن کا فائنل اتوار کو برلن کے اولمپک اسٹیڈیم میں 3 مرتبہ کی چیمپئن ٹیم اسپین اور پہلی بار ٹرافی جیتنے کا خواب دیکھنے والی انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان اتوار کو کھیلا جائے گا۔

یورو کپ ایک ایسا مقابلہ ہے جس میں یورپ کی فٹبال ٹیمیں ایک دوسرے پر سبقت اور بالادستی پانے کے لیے بھرپور جدوجہد کرتے ہوئے ٹرافی پر قبضے کا خواب دیکھتی ہیں، یورو کپ 2024 میں دلچسپ مقابلے دیکھنے میں آئے، ایونٹ میں شریک 24 ٹیموں کو 6 گروپس میں تقسیم کیا گیا، گروپ مقابلوں کے بعد ہر گروپ کی 2 ٹاپ ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے یعنی پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہیں۔

گروپ اے سے جرمنی، سوئٹزر لینڈ، بی سے اسپین، اٹلی، گروپ سی سے انگلینڈ، ڈنمارک، ڈی سی آسٹریلیا، فرانس، ای سے رومانیہ، بیلجیئم، گروپ ایف سے پرتگال اور ترکی شامل تھے، گروپ میچز میں تیسری پوزیشن کی حامل چار بہترین ٹیمیں بھی پری کوارٹر فائنل میں شرکت کی حقدار بنیں، ان میں گروپ سی سے سلووینہ، ڈی سے ہالینڈ، گروپ ای سے سلاوکیہ اور ایف سے جارجیا شامل تھیں، اس طرح 8 ٹیموں کا یوروکپ میں سفر ختم ہو گیا، ان میں ہنگری، اسکاٹ لینڈ، کروشیا، البانیہ، سربیا، پولینڈ، یوکرائن اور چیچیا شامل تھے۔

یوروکپ کے پری کوارٹر فائنل میں سب سے بڑا اپ سیٹ دفاعی چیمپئن اٹلی کی سوئٹزرلینڈ کے ہاتھوں 2 گول سے شکست رہی، ترکی نے آسٹریا کو 2-1 سے ہرا کر ایونٹ میں تہلکہ مچایا، کوارٹر فائنل میں رسائی پانے پر ترکی میں جشن برپا ہوگیا،شہری اپنی ٹیم کی فتح بعد والہانہ طور پر سڑکوں پر نکل آئے اور بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا، واضح رہے کہ ترکی 2032 میں اٹلی کے ساتھ یورو کپ کا میزبان ہوگا۔

کوارٹر فائنل مرحلے میں ہی فرانس نے پرتگال کو پنالٹی شوٹ پر 5-3 سے شکست دے کر سنسنی پھیلائی، کوالیفائر مقابلے میں قبرس کے خلاف 6 گول کرکے حریفوں کو چوکنا کرنے والی اسپین کی ٹیم نے میزبان جرمنی کو 1-2 سے ہرا کر ایونٹ کو مزید دلچسپ بنانے کے ساتھ میزبان ملک کی امیدوں پر بھی پانی پھیردیا، اسی طرح نیدرلینڈ نے ترکی کو اسی اسکور سے ہرا کر واپس گھر جانے پر مجبور کیا۔

چوتھے کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ کو 5-3 سے شکست دینے والی انگلینڈ کی ٹیم نے ٹرافی اپنے نام کرنے کی آس برقرار رکھی، اس نے سیمی فائنل میں نیدر لینڈ کو 2-1 سے مات دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ، دوسرے سیمی فائنل میں اسپین نے فرانس کو اسی اسکور سے قابو کر کے ٹرافی پر نظر مرکوز کر دیں،یورو کپ میں دنیا کی نظریں پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ رونالڈو پر تھیں، مانچسٹر یونائٹیڈ کی نمائندگی کرنے والے 39 سالہ رونالڈو اپنا 11واں بڑا انٹرنیشنل ایونٹ کھیل رہے تھے، دنیا کی نظریں ان پر جمی ہوئی تھیں، 2016 میں یورو کپ کی چیمپئن ٹیم پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو رواں ایونٹ میں اپنی ٹیم کے اخراج پر بہت افسردہ ہوئے، فرانس سے شکست کے بعد سپراسٹار فٹبالر کے مداح شدید صدمے میں رہے،فٹبال شائقین کی جانب سے پیش گوئی کی جا رہی ہے کہ یہ رونالڈو کا پرتگال کے لیے کسی بھی ایونٹ میں آخری میچ تھا، اس سے قبل 2022 کے فیفا ورلڈ کپ میں بھی پرتگیز ٹیم کوارٹر فائنل ہار گئی تھی۔

دوسری جانب سیمی فائنل میں فرانس کے خلاف پنالٹی ایریا کے باہر سے گول داغ کر اپنی ٹیم کو فتح دلا کر یورو کپ کے سب سے کم عمر اسکورر بننے والے یمائن یمال نے دنیا کی نظریں اپنی جانب مرکوز کرا لیں، 16 برس 363 دن کی عمر میں ریکارڈ بنانے والے اسٹار فٹبالر کو اسپین کی فراری قرار دیا گیا، کسی کو معلوم نہیں تھا کہ 2007 میں بار سلونا فٹبال اسٹیڈیم کے ڈریسنگ روم میں اس وقت کے عظیم فٹبالر ارجنٹائن کے 20 سالہ لیونل میسی نے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کے تحت فلاحی تقریب میں جس نومولود بچے کے ساتھ تصویر بنائی وہ آگے چل کر فٹبال کی دنیا میں تہلکہ مچائے گا۔

یمائن یمال اس وقت سب کی آنکھوں کا تارا بنے ہوئے ہیں،عمدہ کھیل کی بدولت بارسلونا کلب نے اس فٹبالر کے ٹرانسفر کیلئے 868 ملین پاؤنڈز طلب کر لیے ہیں،مراکش سے تعلق رکھنے والے مسلم گھرانے کا سپوت کم عمر ہونے کے باعث رات 11 بجے کے بعد کسی سرگرمی میں حصہ نہ لینے کے جرمن قانون کے مطابق یورو کپ کا پورا میچ نہیں کھیل پائے۔

فائنل سے ایک دن قبل 17 برس کا ہونے والے اسپین کے ونڈر کڈ کو فائنل میں مقابلہ برابر ہونے کی صورت میں پنالٹیز میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوگی، جرمن لیبر قوانین نابالغوں کو رات 8 بجے کے بعد کام کرنے سے منع کرتے ہیں، ایتھلیٹس کے لیے رات 11 بجے کا آخری وقت ہے،مذکورہ قوانین کی وجہ سے وہ رات 11 بجے کے بعد کھیلے تو ہسپانوی فٹبال ایسوسی ایشن پر 30 ہزار یورو جرمانہ ہوگا،یورو کپ 2024 کے دوران انتظامیہ نے تماشائیوں کی جانب سے فلسطین اور اسرائیل کے پرچم لہرانے پر پابندی عائد کر دی تھی،صرف یورو کپ میں شریک 24 ممالک کے پرچم لہرانے کی اجازت تھی۔

انتظامیہ کا کہنا تھا کہ یورو کپ میں احتجاج کرنے اور سیاسی تنازعات اور جھگڑوں کی جگہ نہیں ہے، مزید براں کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ تماشائیوں کی سیلفی لینے کی کوشش کے بعد انتظامیہ نے سیکیورٹی میں اضافہ کردیا تھا، گروپ ایف میں ترکی سے میچ میں ایک بچہ رونالڈو کے ساتھ سیلفی کیلئے گراؤنڈ میں داخل ہوا تھا۔

اقوام متحدہ کے عالمی ادارے صحت کے مطابق یورو کپ مقابلے کورونا کو پھیلانے کا بھی سبب بنے ہیں، لندن کے سینٹ پیٹرز برگ میں میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین میں وائرس کی تصدیق پائی گئی ، جرمن وزیر داخلہ نے خدشہ ظاہر کیا سکہ فائنل کے دوران تماشائیوں میں کورونا پھیلنے کا بھی خدشہ ہے،واضح رہے کہ 2020 میں یورو کپ کوویڈ19 کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا تھا،اگلے برس لندن کے ویمبلے اسٹیڈیم میں اٹلی نے میزبان انگلینڈ کو مات دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا،اب دیکھنا یہ ہے کہ اس مرتبہ فائنل میں انگلینڈ اپنے مد مقابل اٹلی کو شکست دے کر پہلی مرتبہ یورو کپ کا چیمپئن بننے میں کامیاب رہتا ہے یا نہیں، فائنل میں مستقبل کے متوقع عظیم فٹبالر اسپین کے 17 سالہ یمائن یمال سب کی نگاہوں کا مرکز ہوں گے۔n

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں