پاکستان ویمنز ٹیم ٹی 20کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کیلئے سری لنکا پہنچ گئی
قومی ویمن ٹیم اپنا پہلا میچ 19 جولائی کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی
پاکستان کی 15 رکنی قومی ویمنز ٹیم ٹی 20 کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے سری لنکا پہنچ گئی۔
8 ٹیموں کا ایونٹ 19 تا 28 جولائی دمبولا میں کھیلا جائے گا، ندا ڈار کی قیادت میں قومی ٹیم کراچی سے دبئی کے راستے کولمبو سے دمبولا پہنچی، گروپ اے میں قومی ویمن ٹیم اپنا پہلا میچ 19 جولائی کوروایتی حریف اور دفاعی چیمپئن بھارت کے خلاف کھیلے گی۔
21 جولائی کو دوسرا میچ نیپال اور23 جولائی کو تیسرا میچ متحدہ عرب امارات کے خلاف ہوگا، کھلاڑیوں میں کپتان ندا ڈار، عالیہ ریاض، ڈائنا بیگ، فاطمہ ثنا، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی، ناجیہ علوی، نشرہ سندھو، عمائمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرا امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ وہاب اور طوبیٰ حسن شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: ویمنز ٹی20 ایشیاکپ، پاکستان ٹیم کا کیمپ ہفتے سےشروع ہوگا
ٹورنامنٹ میں شریک 8 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے،گروپ اے میں پاکستان، بھارت، نیپال اور متحدہ عرب امارات جبکہ بی بنگلا دیش، ملائشیا، تھائی لینڈ اور میزبان سری لنکا پر مشتمل ہے۔ ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، فائنل 28 جولائی کو کھیلا جائے گا۔