ہلدی نفسیاتی امراض کے لیے مفید اور زود اثر

ہلدی الزائمر(دما غی بیماری) اور ڈپریشن کے علاج میں بھی نہایت معاون ثابت ہوتی ہے، تحقیق


Khurram Mansoor Qazi July 01, 2014
ہلدی الزائمر(دما غی بیماری) اور ڈپریشن کے علاج میں بھی نہایت معاون ثابت ہوتی ہے، تحقیق۔ فوٹو : فائل

لندن میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق گوکہ مسائل زندگی کو بامقصد ، دلچسپ اور سرگرم رکھتے ہیں لیکن اگر یہ مسائل ذہنی صحت سے متعلق ہوں تو جینا مشکل بھی کر دیتے ہیں اور انسان جب اپنے مسائل کے سامنے ہار مان لیتا ہے تو اس کا ذہن بیمار ہونے لگتاہے۔

جس کی وجہ سے اس میں کئی قسم کی ذہنی و نفسیاتی بیماریاں پیدا ہونے لگتی ہیں۔ نفسیاتی و ذہنی بیماریوں کے علاج کے لئے مارکیٹ میں بے شمار ادویات موجود ہیں لیکن حال ہی میں ہونے والی ایک نئی تحقیق کے مطابق ڈپریشن کے علاج میں ہلدی روایتی ادویات سے کہیں زیادہ فائدہ مند ہے۔ درد اور زخموں کے علاج وغیرہ کے لئے ہلدی کا استعمال تو قدیم زمانوں سے کیا جا رہا ہے، جس کا ذکر قدیم مذہبی کتب میں بھی ملتا ہے لیکن نئی سائنسی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ہلدی الزائمر(دما غی بیماری) اور ڈپریشن کے علاج میں بھی نہایت معاون ثابت ہوتی ہے۔

محققین کی تحقیق کے دوران ہلدی کے جادوئی مرکبات سامنے آئے ہیں۔ محققین نے ڈپریشن کے علاج میں ہلدی اور پروزک (نفسیاتی بیماری کے علاج کی دوائی کا نام) کے اثرات جاننے کے لئے 60 مریضوں پر ایک تحقیق کی، جنہیں تین گروپوں میں تقسیم کردیا گیا۔ 6ہفتوں کے کورس میں ایک گروپ کو صرف پروزک (20ایم جی)، دوسرے کو صرف ہلدی کا مرکب اور تیسرے کو پروزک اور ہلدی کا مرکب دونوں دیئے گئے۔

تحقیق کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ پروزک اور ہلدی کا مرکب اکٹھا لینے والوں میں 77.8فیصد، صرف پروزک لینے والوں میں 64.7فیصد جبکہ صرف ہلدی کا مرکب استعمال کرنے والوں میں 62.5 فیصد بہتری آئی لیکن ان نتائج کے باوجود محققین ہلدی کو سب سے زیادہ فائدہ مند قرار دیا ہے کیوں ہلدی کے حوالے سے مثبت چیز یہ ہے کہ اس کے استعمال سے پروزک کے برعکس کوئی ضمنی اثرات (سائیڈ ایفیکٹ) رونما نہیں ہوئے۔ ان نتائج کو سامنے رکھتے ہوئے محققین نے ہلدی کو پروزک سے کہیں زیادہ بہتر قرار دیا ہے۔ انڈہ، سبزی، مچھلی کے ساتھ ہلدی کا استعمال انسانی صحت کے لئے بہت مفید ہے کیوں کہ یہ نہ صرف متعدد بیماریوں سے بچاتا ہے بلکہ پہلے سے موجود بیماری کے علاج میں بھی معاونت کرتا ہے، لہذا ہلدی کو روزمرہ کی غذاؤں کا ضرور حصہ بنایا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں