ایف بی آر کے تمام افسران سے گزشتہ مالی سال کے اثاثہ جات کی تفصیلات طلب

اثاثہ جات کی تفصیلات فراہم نہ کرنے والے افسران کے خلاف مس کنڈکٹ کی کاروائی عمل میں لائی جائے گی


Irshad Ansari July 23, 2024
(فوٹو: فائل)

حکومت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے تمام افسران سے گزشتہ مالی سال کے اثاثہ جات و قابل اداہ واجبات کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے ایف بی آرہیڈ کوارٹر سمیت تمام فیلڈ دفاتر کے سربراہان کو مراسلہ لکھا گیا ہے جس میں اسٹبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے دس جون 2024 کو بھجوائے گئے آفس میمورنڈم نمبر 21112013-D-4 کا حوالہ دیتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے پاکستان کسٹمز سروس اور ان لینڈ ریونیو سروس سے تعلق رکھنے والے تمام افسران 30 جون2024 کو ختم ہونیوالی مالی سال کیلئے اپنے اثاثہ جات اور واجبات کی تفصیلات پر مبنی ڈلکیئریشن 25 جولائی تک ایف بی آر کو ارسال کریں تاکہ یہ تفصیلات وفاقی حکومت کو بھجوائی جاسکیں۔

مراسلے میں تمام افسران سے کہا گیا ہے کہ اثاثہ جات و واجبات کے ڈکلیئریشن مجوزہ فارمیٹ کے مطابق بھجوائے جائیں، اس کے علاوہ 30 جون2024 کو ختم ہونیوالی مالی سال کیلئے اپنے اثاثہ جات اور واجبات کی تفصیلات پر مبنی ڈلکیئریشن سے متعلق سرٹیفکیٹ بھی 31 جولائی تک جمع کروائے جائیں۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ بھی تمام افسران کے نوٹس میں لایا جاتا ہے کہ اثاثہ جات و واجبات پر مبنی تفصیلات کی عدم فراہمی گورنمنٹ سرونٹس(کنڈکٹ)رولز 1964 اور گورنمنٹ سرونٹس(افادیت اور نظم و ضبط)رولز1973کے تحت "بدانتظامی" کے مترادف ہے اور ڈکلیئریشن جمع نہ کروانے والوں کے خلاف مس کنڈکٹ کی کاروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں