ویمنز ایشیاکپ پاکستانی منزل کی راہ میں مضبوط سری لنکن دیوار حائل

آنے والے میچز میں مضبوط حریفوں کیخلاف بھی اسی سوچ کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا


Sports Desk July 25, 2024
(فوٹو: فائل)

پاکستانی منزل کی راہ میں مضبوط سری لنکن دیوار حائل ہو گئی، ویمنز ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں دونوں ٹیموں کا مقابلہ کل جمعے کو ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ویمنز ایشیا کپ میں پاکستان کی حریف سائیڈ کا فیصلہ ہوگیا، کل جمعے کو گرین شرٹس میزبان ٹیم کو ہرا کر فیصلہ کن معرکے میں رسائی کی کوشش کریں گی، اسی روز بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں بھی سیمی فائنل میں مدمقابل ہوں گی، چیمپئن کا فیصلہ اتوار کو ہونا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان ویمنز ٹیم ایشیا کپ میں نیا ریکارڈ بنا ڈالا

گذشتہ روز میزبان ٹیم نے تھائی لینڈ کو باآسانی 10 وکٹ سے زیر کر لیا، ناکام سائیڈ 7 وکٹ پر 93 رنز تک محدود رہی، ناناپت کونچارینوکی نے سب سے زیادہ 47 رنز ناٹ آؤٹ،ایپشارا سوان چونارتھی نے 12 جبکہ کپتان تھیپاچا پوتاوانگ نے13 رنز اسکور کیے، کاویشا دلہاری نے 13 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا،

سری لنکا نے ہدف 11.3 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کرلیا، اوپنرز چماری اتاپتو اور وشمی گونارتنے نے کسی اور بیٹر کو میدان میں آنے سے باز رکھا، کپتان چماری نے 35گیندوں پر 49 رنز ناٹ آؤٹ بنائے، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 2 چوکے شامل رہے، وشمی نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 39 رنز اپنے نام پر درج کرائے، انھوں نے 4 چوکے اور ایک چھکا جڑا۔

یہ بھی پڑھیں: ویمنز ایشیا کپ: پاکستان نے نیپال کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی

بنگلہ دیش نے ملائیشیا کو 114 رنز کے بڑے مارجن سے مات دی، فاتح الیون نے مقررہ20 اوورز میں 2 وکٹ پر 191 رنز بنائے، مرشدہ خاتون نے 59 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 80 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل رہا، انھوں نے اوپنر دلارا اختر کے ہمراہ ٹیم کو65 کی مضبوط بنیاد فراہم کی، دلارا نے 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 20 بالز پر 33 رنز اسکور کیے۔

مرشدہ نے کپتان نگارسلطانہ کے ہمراہ دوسری وکٹ کے لیے 89 رنز کی شراکت بناکر ٹیم کا ٹوٹل 154 تک پہنچایا، نگار 37 گیندوں پر 62 رنز بناکر ناقابل شکست رہیں، انھوں نے اس دوران 5 چوکے اور 2 چھکے جڑے، رومانہ احمد نے بغیر آؤٹ ہوئے 6 رنز اسکور کیے، ماہرہ عزت اسماعیل اور ایلسا ہنٹر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ملائیشیا کی بیٹنگ لائن بڑے ٹوٹل کا دباؤ برداشت نہیں کرپائی اور مقررہ اوورز میں 8 وکٹ پر 77 رنز ہی بناسکی، ایلسا ہنٹر نے بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 20 رنز اسکور کیے، ماہرہ اسماعیل 15 اور وان جولیا 11 رنز بناکر دیگر نمایاں بیٹرز رہیں، دیگر تمام پلیئرز انفرادی اسکور کو دہرے ہندسے تک پہنچانے میں ناکام رہیں، ناہیدہ اختر نے 2 پلیئرز کو میدان بدر کیا جبکہ ایک ایک وکٹ جہاں آرا عالم، سبیکون نہار جیسمن، رابعہ خان، ریتو مونی اور شرونا اختر کے حصے میں آئی۔

مزید پڑھیں: ویمنز ٹی20 ورلڈکپ؛ بنگلادیش کی میزبانی خطرے میں پڑ گئی

دریں اثنا پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد وسیم نے کہا ہے کہ ہمیں پہلے میچ میں مشکل ہوئی کیونکہ اپنے پلان پر عمل نہیں کرسکے، اس کے بعد ٹیم کی کارکردگی میں بتدریج بہتری آئی، ہم صحیح سمت میں جارہے ہیں، آنے والے میچز میں مضبوط حریفوں کیخلاف بھی اسی سوچ کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ اگر ہمیں موجودہ پلیئرز سے بہترین پرفارمنس حاصل کرنی ہے تو انھیں آزادی دینی ہوگی تاکہ وہ کھل کر اپنا ٹیلنٹ پیش کرسکیں، بولنگ ہمارا مضبوط شعبہ ہے، فیلڈنگ اور بیٹنگ میں بھی بہتری نظر آرہی ہے، جدید کرکٹ کیلیے کوچنگ میں بھی جدت درکار ہو گی۔

کوچ نے کہا کہ کیمپ میں جو سخت محنت کی وہ اب کام آرہی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ہماری پلیئرز زیادہ جارحانہ انداز میں بیٹنگ کریں، کنڈیشنز اسپنرز کے حق میں ہیں ہماری نوجوان بولرز نے عمدہ بولنگ کی ہے، لیفٹ آرم سیمر تسمیہ بولنگ میں اچھا اضافہ ہیں، ہماری سوچ اس بار ایشیا کپ ساتھ لے جانے کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں