حکومت کا پی ایس ایل کی طرز پر پہلی بار ہاکی لیگ کروانے کا فیصلہ
رواں سال پیرس اولمپکس کے لیے بروقت تیاری نہیں کر سکے، تا ہم آئندہ کے لیے ابھی سے اغاز کر دیا ہے، رانا مشہود
حکومت نے پاکستان سپر لیگ کی طرز پر پاکستان میں پہلی بار ہاکی لیگ کروانے کا فیصلہ کیا ہے جو رواں سال دسمبر میں ہوگی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے رواں سال دسمبر میں پی ایس ایل کی طرز پر ہاکی لیگ کے انعقاد کی خوشخبری سنائی۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق ملک میں قومی کھیل کو فروغ دے رہے ہیں، ملک میں ادارہ جاتی کھیلوں کو بحال کیا، جبکہ کھلاڑیوں کی فلاح و بہود کیلئے اسپورٹس فنڈ بھی قائم کررہے ہیں۔
رانا مشہود نے اولمپئن اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی کو اسٹیٹ آف دی آرٹ قرادیتے ہوئے نوجوانوں کیلئے ایسی ہی اکیڈمی بنانے کا اعلان بھی کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےاولمپئن اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
یوتھ پروگرام کے چیئرمین نے کہا کہ اولمپئن اصلا ح الدین ہاکی اکیڈمی کیساتھ ملکر نوجوانوں کیلئے ایونٹس کا انعقاد کیا جائیگا، جو ادارے ہاکی کی ٹیمیں بنانے کے حوالے سے وزیر اعظم کی ہدایات پر عمل نہیں کررہے وہ ہماری نظر میں ہیں، اسپورٹس انڈو منٹ فنڈ سے ضرورت مند کھلاڑیوں کے مسائل حل ہونگے۔
رانا مشہود نے اولمپئن اصلاح الدین ہاکی اکیڈمی کیلئے 100 ہاکی اسٹیکس اور ہاکی کٹس دینے کا اعلان بھی کیا۔
قبل ازیں چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ مناسب تربیت نہ ہونے کی وجہ سے شاہین شاہ آفریدی،نسیم شاہ اور ایتھلیٹ ارشد نسیم جیسے کھلاڑی اچانک ان فٹ ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمپینز ٹرافی میں شرکت کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان آنے یا نہ آنے کے فیصلے کا علم نہیں، پاکستان 15 ویں ساؤتھ ایشین گیمز کی بھرپور انداز میں میزبانی کرے گا،شرکت کا فیصلہ بھارت نے خود کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے حکم کے مطابق ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس بحال نہ کرنے والے اداروں کے خلاف کاروائی کی جائے گی،ملک میں پہلی اسپورٹس یونیورسٹی اورای سپورٹس فیڈریشن کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے،ہاکی سمیت کھیلوں کے حوالے سے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے،پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن میں اچھے لوگ سامنے لائیں گے، جدید ٹیکنالوجی نہ ہونے کے سبب ہمارے کھلاڑیوں کے ان فٹ ہونے کا تاخیر سے علم ہوتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ این ای ڈی یونیورسٹی میں بائیو میکنیکس لیب کے قیام سے پاکستان اسپورٹس کے نئے دور میں داخل ہو جائے گا،اگلے سال 23 اپریل سےشروع ہونے والے ساؤتھ ایشین گیمز کی بھرپور انداز میں میزبانی کریں گے، ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس ٹیموں کی بحالی کے معاملات کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
رانا مشہود نے بتایا کہ ملک کی 10 یونیورسٹیز میں اسٹیٹ آف آرٹ اسپورٹس اکیڈمیز قائم کی جائیں گی، فٹبال کے معاملات کو سدھارنے کی کوشش کی تو فیفا سامنے آگیا، پہلی مرتبہ سو رکنی قومی یوتھ کونسل تشکیل دی جا رہی ہے جو وزیراعظم کو مشاورت فراہم کرے گی۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ اسپورٹس انفرااسٹرکچر کے بہتر بنانے کے لیے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت فنڈنگ کی جائے گی،کھیلوں میں دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے ماڈرن ٹیکنالوجی کو اختیار کرنا ہوگا، پیرس اولمپکس کے لیے بروقت تیاری نہیں کر سکے، تا ہم آئندہ اولمپکس کے لیے ابھی سے تیاری کا اغاز کر دیا ہے۔