ڈیفنس میں خونی تصادم فریقین نے جدید اسلحے سے 150 سے زائد گولیاں چلائیں پولیس

دو گروپوں میں مسلح تصادم کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی، پولیس نے بتایا واقعے کی باریک بینی سے تفتیش کی جارہی ہے


Sajid Rauf July 26, 2024
پولیس نے رپورٹ میں بتایا کہ دو مرکزی ملزمان بھی پکڑے گئے ہیں، جن میں سے ایک ہلاک ہوگیا—فوٹو: فائل

پولیس نے ڈیفنس میں دو گروپوں کے درمیان پیش آنے والے خونی تصادم کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا ہے کہ جائے وقوع پر10 سے 12 منٹ تک دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور دونوں اطراف سے چھوٹے اور بڑے جدید اسلحے کا استعمال کیا گیا اور تقریبا 150 سے زائد گولیاں چلائی گئیں۔

کراچی پولیس نے ڈیفنس میں دو گروپوں کے درمیان خونی تصادم کی ابتدائی رپورٹ حکام کو پیش کردی ہے، جس میں بتایا گیا کہ جائے وقوع پر10 سے 12 منٹ تک دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں اطراف سے تقریبا 150 سے زائد گولیاں چلائی گئیں، دونوں گروپوں میں تصادم میں چھوٹے اور بڑے ہتھیار استعمال ہوئے اور اس مسلح تصادم کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔

فوٹیجز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گاڑیوں سے مسلح افراد نے اتر کر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ کے دوران مسلح افراد محفوظ مقام ڈھونڈ کے چھپتے رہے اور ایک مسلح شخص کو جدید گن کے ساتھ بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس نے تفصیلی رپورٹ میں بتایا ہے کہ یہ خونی واقعہ درخشان تھانے کے علاقے ڈیفنس فیز 6 خیابان نشاط میں پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے5 افراد جاں بحق اور2 افراد زخمی ہوگئے تھے اور دونوں گروپوں میں ہونے والے خونی تصادم کی تحقیقات جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: ڈی ایچ اے خیابان نشاط میں دو گروپوں میں تصادم، اکبر بگٹی کے پوتے سمیت 5 افراد جاں بحق

ذرائع کے مطابق پولیس نے ابتدائی رپورٹ میں بتایا ہے کہ پولیس نے واقعے کی اطلاع پر 5 منٹ میں رسپانس کیا، فائرنگ کی آواز سن قریب کھڑی پولیس موبائل بھی وقوع پر پہنچی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے فوری طور پر عام شہریوں کو جائے وقوع سے نکالا اور ایس ایچ او نے موقع پر پہنچتے ہی دکانوں کے شٹر بند کروائے، شٹر گرانے سے دکانوں میں موجود افراد بشمول خریدار محفوظ رہے۔

پولیس نے بتایا کہ جائے وقوع پر10 سے 12 منٹ تک دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، دونوں اطراف سے تقریبا 150 سے زائد گولیاں چلائی گئیں اور دونوں گروپوں میں تصادم میں چھوٹے اور بڑے ہتھیار استعمال ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے موقع سے کئی افراد حراست میں لے کر ریسکیو آپریشن شروع کیا، پولیس نے دو ٹویوٹا ریوو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کیا ہے، ایک گاڑی پر رجسٹریشن نمبر پلیٹ لگی ہے جبکہ دوسری پر نمبر موجود نہیں، گاڑی پر لگی نمبر پلیٹ بھی جعلی ہے، سوزوکی پک اپ گاڑی کا نمبر ریوو پرلگایا ہوا ہے۔

دوسری جانب دو گروپوں میں مسلح تصادم کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں دو ڈبل کیبن گاڑیوں کو تیز رفتاری سے آتے دیکھا جا سکتا ہے،گلی سے تیسری گاڑی کے مڑتے ہی تینوں گاڑیاں ایک دوسرے کے سامنے آگئیں، تینوں گاڑیوں سے مسلح افراد نے اتر کر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔

دونوں گروپس کے درمیان فائرنگ کے دوران مسلح افراد محفوظ مقام ڈھونڈ کر چھپتے رہے، ایک مسلح شخص کوجدید گن کے ساتھ بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو بھی جائے وقوع پر پہنچے اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اس طرح کے واقعات کا کراچی متحمل نہیں ہے، ہم کسی کو شہر کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ واقعے میں استعمال ہونے والے اسلحہ لائسنس یافتہ تھا یا نہیں، اس کی جانچ کی جائے گی۔

کراچی پولیس چیف نے بتایاکہ مسلح تصادم کا واقعہ خاندانی اور قبائلی دشمنی کا شاخسانہ ہے، واقعے کی ہر زاویے سے تفتیش کی جا رہی ہے، پولیس نے 17 افرادکو حراست میں لیا ہے، جن سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ ساجد سدوزئی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کو ون فائیو پراطلاع ملی تھی اور پولیس نے فوری رسپانس کیا، 10 منٹ میں پولیس موقع پر پہنچ گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ رات کو مارکیٹ کھلی ہوئی تھی تاہم بند کروا کر لوگوں کو محفوظ کیا گیا، چند لوگوں کو پولیس نے ریسکیو کیا، جن میں دو مرکزی ملزم تھے، ان میں سے ایک فہد ہلاک ہوگیا اور دوسرا علی بگٹی پولیس کی تحویل میں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں پر باریک بینی سے تفتیش کی جا رہی ہے، ادھر خونی تصادم کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے فہد بگٹی اور نصیب اللہ بگٹی کی نماز جنازہ ڈیفنس فیز 2 بیت السلام مسجد میں ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں بگٹی قبائل سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں