توہین عدالت پر سماعت فواد چوہدری کا نام پی سی ایل نہ نکالنے پر ڈی جی امیگریشن کی طلبی
چیف جسٹس عامر فاروق نے فواد چوہدری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دیا تھا
عدالتی حکم کے باوجود پی سی ایل سے نام نہ نکالنے پر فواد چوہدری نے توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق فواد چوہدری اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے جہاں انہوں نے متعلقہ اداروں کے خلاف پی سی ایل لسٹ سے نام نہ نکالنے پر درخواست دائر کردی۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے فواد چوہدری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔
فواد چوہدری کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ توہین عدالت کی درخواست دائر کردی ہے آج ہی سماعت کی بھی استدعا کی ہے۔
اسی طرح فواد چوہدری نے پاسپورٹ کی تجدید کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں متفرق درخواست دائر کردی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ فواد چوہدری کے پاسپورٹ کی تجدید کے احکامات جاری کیے جائیں، اسلام آباد ہائیکورٹ کے 9 جولائی کے احکامات پر عمل درآمد کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں، فواد چوہدری کو بیرون ملک سفر کرنے سے نہ روکنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔
بعدازاں جسٹس عامر فاروق کے روبرو درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ڈی جی پاسپورٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ جی چوہدری صاحب! کیا مسئلہ ہوگیا؟ اس پر فواد چوہدری نے کہا کہ 9 جون کے حکم کے مطابق پاسپورٹ ریونیو کرنا تھا جو نہیں ہوا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ میں اس پر نوٹس کر دیتا ہوں آپ کو کب جانا ہے؟ فواد چوہدری نے کہا کہ مجھے 10 اگست کو چین جانا ہے۔
عدالت نے ڈی جی امیگریشن پاسپورٹ کو کل طلب کرتے ہوے تمام فریقین کو کل کے لیے نوٹس جاری کر دیے اور کیس کی سماعت کل تک کے لیے ملتوی کر دی۔