بجلی کی لوڈشیڈنگ اور کے الیکٹرک کیخلاف وکلا کا سٹی کورٹ میں احتجاج
وکلا رہنماؤں کا آئی پی پیز اور کے الیکٹرک کیخلاف پاکستان بار کونسل سے وکلا کنونشن بلانے کا مطالبہ
بجلی کی لوڈشیڈنگ اور کے الیکٹرک کیخلاف وکلا نے سٹی کورٹ میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرے سے کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر عامر وڑاٸچ، سابق ممبر پاکستان بار کونسل ضیاء اعوان ایڈووکیٹ، عابد حسین ایڈووکیٹ اور سماجی تنظیم کے رہنما الطاف شکور و دیگر نے خطاب کیا، احتجاج میں وکلا کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کے الیکٹرک اور آئی پی پیز کیخلاف نعرے درج تھے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک نے جان بوجھ کر شدید گرمی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جس کی وجہ سے کراچی میں سینکڑوں لوگ جاں بحق ہوئے، ان اموات کی ذمہ دار کے الیکٹرک ہے۔ وکلا رہنماٶں کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز اور کے الیکٹرک عوام کے لئے عذاب بن گئے ہیں۔ بعض آئی پی پیز اور کے الیکٹرک معاہدے کے مطابق بجلی پیدا نہیں کر رہے۔
مقررین نے مطالبہ کیا کہ پاکستان بار کونسل بجلی کے معاملے پر وکلا کنونشن بلائے جس میں پاکستان بھر کے وکلا آئی پی پیز اور کے الیکٹرک کیخلاف وکالت نامے جمع کرائیں، کے الیکٹرک کا لاٸسنس فوری طور پر کیسنل کیا جائے، وکلاء مظاہرین مسلسل کے الیکٹرک کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے۔