ایف بی آر نے جولائی میں ہدف سے 3 ارب روپے زیادہ ٹیکس جمع کرلیا
جولائی کے دوران 656 ارب روپے ہدف کے مقابلہ میں 659.2 روپے جمع کئے گئے، ایف بی آر
فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر ) نے رواں مالی سال 2024-25 کے پہلے مہینے (جولائی2024) میں ہدف سے تین ارب روپے زیادہ ٹیکس اکھٹا کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے جولائی 2024میں 659 ارب بیس کروڑ روپے سے زیادہ کامی عبوری خالص ٹیکس وصولیاں کی ہیں جبکہ جولائی میں ٹیکس وصولی کا ہدف 656 ارب روپے مقرر تھا۔
اس لحاظ سے پہلے ماہ ایف بی آر نے ہدف سے تین ارب بیس کروڑ روپے زیادہ ریونیو جمع کیا ہے، ذرائع ایف بی آر کے مطابق جولائی میں انکم ٹیکس کی مد میں 300 ارب روپے ٹیکس جمع ہوا جبکہ سیلز ٹیکس کی مد میں 307 ارب روپے جمع کیے گئے۔
ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 37.4 ارب روپے جمع ہوئے، کسٹمز ڈیوٹی کے تحت 91.7 ارب روپے وصول کیے گئے، علاوہ ازیں جولائی میں 77.9 ارب روپے کے ریفنڈز بھی جاری کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ایف بی آر کی جانب سے رواں مالی سال 12 ہزار 970 ارب روپے کا ٹیکس ہدف مقرر کیا گیا ہے۔