غیرقانونی اسلحہ برآمدگی کیس مرکزی رکن سمیت ایم کیو ایم کے 4کارکنان بری
پراسیکیوشن ملزمان کے خلاف جرم ثابت کرنے میں ناکام رہی، عدالت
انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے اغوا برائے تاوان اور غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کے مقدمات میں ایم کیو ایم کے مرکزی رکن سمیت 4 کارکنان کو بری کر دیا۔
کراچی میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے فیصلہ سنا دیا۔ پراسیکیوشن ایم کیو ایم کے مرکزی رکن سمیت 4 کارکنان کے خلاف جرم ثابت کرنے میں ناکام رہی۔
عدالت نے عدم ثبوت و شواہد کی بنا پر ایم کیو ایم کے مرکزی رکن سمیت 4 کارکنان کو بری کر دیا جن میں ایم کیو ایم کے مرکزی رکن راجا محمد رئیس، عاقب علی خان، شعیب عبد الخالق اور شیراز اقبال شامل ہیں۔
وکیل صفائی لطیف پاشا ایڈووکیٹ نے موقف دیا تھا کہ میرے موکلین کے خلاف جھوٹا اور من گھڑت الزامات کے تحت کیس بنایا گیا۔ پراسیکیوشن کے پاس الزامات ثابت کرنے کے لیے ثبوت بھی نہیں ہیں۔ گواہوں کے بیانات میں تضاد ہے، لہٰذا انہیں بری کیا جائے۔
پراسیکوشن کے مطابق سال 2021 میں کورنگی میں اغوا برائے تاوان کا واقعہ پیش آیا تھا۔ ملزمان کے خلاف شہری حسین بھٹی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جبکہ اسلحہ برآمدگی کے الگ سے مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔ ملزمان کے خلاف 9 گواہوں کو حصہ بنایا تھا جبکہ تھانہ الفلاح میں مقدمات درج کیے گئے تھے۔