اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں ہفتے کی چھٹی ختم کرنے کا فیصلہ
وزارت تعلیم نے ہفتے کی چھٹی ختم کرکے اسپیشل کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے
وزارت تعلیم نے اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں ہفتے کی چھٹی ختم کرتے ہوئے اسپیشل کلاسز (Remedial classes) شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فیصلے کا اطلاق 10 اگست سے ہوگا جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
وفاقی نظامت تعلیمات کی ڈائریکٹر تبسم ناز کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہفتے کے روز تعلیمی اداروں میں مختلف مضامین میں کمزور بچوں پر توجہ دی جائے گی۔ ہفتے کے روز طلبہ کے لیے مختلف غیر نصابی سرگرمیوں کا اہتمام بھی کیا جائے گا جبکہ انگلش، ریاضی اور سائنس کے لیے ہر تعلیمی ادارے میں کم از کم ایک کلاس شروع کی جائے گی۔
اسپیشل کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ سیکریٹری وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت محی الدین احمد وانی کی ہدایات پر کیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا ہے کہ صرف ضروری اسٹاف کو ہفتے کے روز بلایا جائے گا تاہم اداروں کے سربراہان کو اسپیشل کلاسز کے حوالے سے فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنانے کی سخت ہدایات دے دی گئی ہیں۔