پیرس اولمپکس پوری آب و تاب کے ساتھ جاری
میڈل کا حصول نہ صرف کھلاڑی بلکہ اس کی پوری قوم کے لیے تاریخی اہمیت کا حامل ہوتا ہے
پیرس اولمپکس 2024 ان دنوں پوری آب و تاب کے ساتھ ڈرامائی کہانیوں، سنسنی خیز مقابلوں، سخت حریفوں اور نئے ریکارڈز کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے جاری ہیں،11 اگست تک جاری رہنے والے 33 ویں 32 کھیلوں میں 205 ممالک کے ساڑھے 10 ہزار کے قریب مرد اورخواتین کھلاڑیوں کے لیے شرکت ایک اعزاز ہے۔
میڈل کا حصول نہ صرف کھلاڑی بلکہ اس کی پوری قوم کے لیے تاریخی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ گیمز میں دلچسپ مقابلوں نے دنیا بھر کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا رکھی ہے، 100 میٹر کی دوڑ جیت کر اولمپک کا تیز ترین کھلاڑی بننا ہر ایتھلیٹ کا خواب اور یوسین بولٹ کے عالمی ریکارڈز کو توڑنا خواب کی انتہا ہوسکتا ہے۔
مزید پڑھیں: پیرس اولمپکس؛ تاجک کھلاڑی کا اسرائیلی حریف سے ہاتھ ملانے سے انکار
پیرس اولمپکس میں اس اہم ترین ایونٹ کا انعقاد اتوار کو طے ہے، نوح لائس کی عظیم ایتھلیٹ کے 100 میٹرز کے عالمی ریکارڈ پر گہری نظر ہے،برطانیہ کے عالمی برانز میڈلسٹ زارنل ہیوز ایونٹ میں فتح کے لیے بہت پْرامید ہیں، اولمپک ڈیبیو کرنے والے ان کے ساتھی لوئی ہینچلف بھی کارل لیوس کی کوچنگ کے بعد بہت پْر اعتماد نظر آتے ہیں۔
جمیکا کے کشانے تھامسن 9.77 سیکنڈز کے ساتھ اس سال کے تیز ترین مرد ہونے کے ناطے اچھے حریف ثابت ہوں گے ، اوبلیک سیویل ،کینیا کے فرڈینینڈ اومانیالا کے ساتھ اٹلی کے مارسیل لامونٹ بھی اچھی کارکردگی کیلئے پْرعزم ہیں،ایتھلیٹکس کے دیگر ایونٹس میں بھی سنسنی خیز مقابلے متوقع ہیں، پیرس اولمپکس میں تادم تحریر 2 نئے عالمی اور 19 اولمپک ریکارڈز قائم ہو چکے ہیں، آرچری میں خواتین کے انفرادی ایونٹ میں جنوبی کوریا کی لم سی ہیون نے 694 اسکور کے ساتھ نیا عالمی ریکارڈ ٹائم کیا۔
مزید پڑھیں: پیرس اولمپکس؛ شوٹنگ کے آلات استعمال کیے بغیر چاندی کا تمغہ جیت لیا
جنوبی کوریا نے ویمن ٹیم ایونٹ اور مکسڈ ٹیم ایونٹ میں نئے اولمپک ریکارڈ بنائے،ویمن شوٹنگ کے 10 میٹر ایئر پسٹل، 10 میٹر ایئر رائفل ایونٹ میں بھی نئے اولمپک ریکارڈ قائم کیے ، گوئٹے مالا کی ایڈرینا روانو الیوا کو ٹریپ ایونٹ میں نیا اولمپک ریکارڈ قائم کرنے کا اعزاز حاصل ہوا، چین نے مردوں کے 10 میٹر ایئر رائفل اور برطانیہ نے مینز ٹریپ ایونٹ میں نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا، سوئمنگ میں مردوں کے 100 میٹرز فری اسٹائل ایونٹ میں چین کے پان ڑانلے 46.4 سیکنڈز کے ساتھ نیا عالمی اور اولمپک ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب ہوئے۔
مردوں کی سوئمنگ کے دیگر 5 ایونٹس میں نئے اولمپک ریکارڈ بنے، ان میں3 میزبان پیراکوں کے نام رہے، دوسری جانب خواتین کے پیراکی کے مقابلوں میں 7 نئے اولمپک ریکارڈز قائم ہوئے، امریکا کی دفاعی چیمپئن کیتھی لیڈ ڈیکی نے 1500 میٹر فری اسٹائل میں 15 منٹ 30.02 سیکنڈز کے ساتھ نیا اولمپک ریکارڈ قائم کرتے ہوئے اپنا 8واں اولمپک گولڈ میڈل جیتا، خواتین کی پیراکی میں آسٹریلیا نے 4، امریکا نے 2 اور کینیڈا نے ایک نیا اولمپک ریکارڈ بنایا۔
مزید پڑھیں: پیرس اولمپکس میں میڈل ٹیبل پر چین سرفہرست
جرمنی کے الیورزیڈل نے مینز روئنگ کیسنگلز ایونٹ میں 6 منٹ 35.77 سیکنڈز کے ساتھ نیا اولمپک ریکارڈ اپنے نام کیا، ادھر دنیا کی خصوصی توجہ کا مرکز امریکی معروف اسٹار خاتون جمناسٹ اور کپتان سیمون بائلز توقعات پر پورا اترنے میں کامیاب رہیں، 27 سالہ بائلز پیرس اولمپکس میں آل اراؤنڈ جمناسٹ کا ٹائٹل بھی لے اڑیں، رواں گیمزمیں دوسرا گولڈ میڈل حاصل کرنے والی بائلز امریکا کی 72 سالہ تاریخ میں لگاتار 3اولمپک مقابلوں میں مجموعی طور پر 6 گولڈ میڈل جیتنے والی خاتون جمناسٹ بن گئی ہیں، ویمن ٹیم ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتنے والی امریکی جمناسٹ ٹیم کی کپتان دنیا بھرمیں خبروں کی زینت بنی رہیں۔
کھیل سے کھلاڑی کا والہانہ لگاو اور جزباتی انداز فطری امر ہے،اس کا عملی مظاہرہ ویمن فٹبال ٹورنامنٹ میں دیکھنے میں آٰیا، اسپین کے خلاف میچ میں برازیل کی معروف فٹبالر اور کپتان مارٹا کو خطرناک فاول پر ریڈ کارڈ دیکھا کر میدان سے باہر نکال دیا گیا تو ان کی روتے روتے ہچکی بندھ گئی، مارٹا رواں سال انٹرنیشنل فٹبال کو خیرباد کہنے کا اعلان کر چکی ہیں۔
مزید پڑھیں: پیرس اولمپکس، ناکامی کے باوجود پاکستانی سوئمرزکے بلند حوصلے
پیرس اولمپکس میں بھارت کو دوسرا میڈل جتوانے والی22 خاتون شوٹر مانو بھاکر کے وارے نیارے ہوگئے، 10 میٹر ایئر پسٹل ایونٹ میں تیسری پوزیشن کے ساتھ برانز میڈل جیتنے والی مانو ساتھی سرابجوٹ سنگھ کے ہمراہ 10 میٹر ائیر پسٹل مکسڈ ٹیم ایونٹ میں سوئم رہ کر برانز میڈل پاکر راتوں رات اسٹار بن گئیں، ہزاروں روپے کے معاہدے کو ترسنے والی شوٹر کو اب کروڑوں روپے کی پیشکشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
پیرس اولمپکس اپنے آغاز سے قبل ہی متعدد مسائل اور مشکلات کا شکار ہوئے ہیں، شہر میں ریلوے نظام میں خلل ڈال کر دہشت گردی کے امکانات نے ذمہ داران کی نیندیں اڑا دی تھیں،افتتاحی تقریب میں انتظامی خامیاں اور غلطیاں سبکی کا سبب بنیں، ان پر باقاعدہ معذرت بھی سامنے آئی، ایونٹس کے دوران تکنیکی مسائل بھی پریشانی کا باعث بنے لیکن مختلف الخیال اور نظریاتی سوچ والے ذہنوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا رکھنا سب سے اہم تصور کیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں: خاتون باکسر کے مقابلے پر مرد ٹرانسجینڈر؟، پیرس اولمپکس میں نیا تنازع
اسرائیل اور پیراگوئے کے درمیان فٹبال میچ کے دوران نسلی منافرت اور تعصب کے لیے اکسانے پر مبنی الزامات سامنے آئے،ویمن ایونٹ میں مرد کھلاڑی کی شرکت کے الزام نے بھی سر اٹھایا، البتہ منتظمین کا کہنا ہے کہ پیرس 2024 ہر قسم کے امتیازی سلوک کا مقابلہ کرنے کے لیے پْرعزم ہے، ہم سب کو یاد دلانا چاہیں گے کہ کھیل ہم آہنگی اور رواداری کا درس دیتے ہیں، پیرس گیمز تمام تر دشواریوں اور مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے خوش اسلوبی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، دنیا کے اربوں افراد کو یقین ہے کہ مقابلوں کا اختتام کھیلوں کی روح کے مطابق پْرامن طور پر دلچسپ انداز میں ہوگا۔n