مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران کی جانب سے چیئرمین ایف بی آر اور ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کے اہم عہدوں کے لیے لابنگ شروع کردی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اِن لینڈ ریونیو سروس اور پاکستان کسٹمز سروس کے سینئر افسران نے چیئرمین ایف بی آر کے عہدے کے لیے لابنگ شروع کر دی ہے۔ چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو امجد زبیر ٹوانہ کی قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی درخواست کے بعدسینئر افسران نے ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ عہدوں کے لیے اپنی لابنگ شروع کر دی ہے۔
حکومت کی جانب سے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے عہدے کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔ محکمے کے اندر سے یا کچھ دیگر سروسز گروپ یا یہاں تک کہ نجی شعبے سے بھی ایک نیا چیئرمین ایف بی آر تعینات کیا جا سکتا ہے۔
چیئرمین ایف بی آر کے عہدے کے لیے ایف سی ڈی او یو کے کے ایڈوائزر (ریونیو) ریونیو موبلائزیشن، انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ پروگرام حامد عتیق سرور، ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کسٹمز اکیڈمی فیض احمد چدھڑ اور سیکرٹری پاور راشد لنگڑیال کے نام بھی زیر گردش ہیں۔