معاہدے سے ہٹنے پر حافظ نعیم الرحمٰن کی حکومت کو پہیہ جام ہڑتال کی وارننگ

جماعت اسلامی اپنا معاہدہ پورا کروانا جانتی ہے ایک ایک شق پر عمل درآمد کروائیں گے، امیر جماعت اسلامی


آصف محمود August 11, 2024
فوٹو- فائل

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ راولپنڈی اسلام آباد میں ہوئے معاہدے کی ایک ایک شق پر عمل درآمد کروائیں گے، اگر معاہدے سے حکومت نے ہٹنے کی کوشش کی تو ملک میں پہیہ جام ہڑتال کریں گے۔

مال روڈ لاہور پر بجلی کی قیمتوں میں اضافے،آئی پی پیپز سے معاہدوں کے خلاف حق دو عوام کے عنوان سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی مظلوموں کی امیدوں کا مرکز بن گئی ہے۔

انہوں نے کہا قادیانیوں کے مسئلے پر لاہور شہر سچ کے ساتھ کھڑا ہونے کا سب سے بڑا حوصلہ رکھتا ہے، پاکستان آئین اور دستور کے مطابق چل رہا کسی کو لاپتہ کرنے کا حق نہیں، اگر کوئی غیر معمولی سرگرمیوں میں ملوث ہے تو اس کے لئے قانون موجود ہے، بلوچستان کے مسائل پر غور کیا جائے دشمن اس کو توڑنے کی سازش کر رہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا پاکستان کا سب سے بڑا دشمن امریکہ ہے، ملک میں اتفاق رائے پیدا کرکے مسائل کو حل کیا جائے ،اگر ہمسائیہ ملک سے کوئی تخریب کاری ہو رہی ہے تو افغان حکومت سے بات کی جائے۔ افغان طالبان سے کہتے ہیں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

امیرجماعت اسلامی نے کہا آئی پی پیز کے ذریعے عوام کا خون چوسیں گے تو کون ان کی عزت کریں گا۔ ہم نے اسلام آباد میں چودہ دن کا عوام کے لئے دھرنا دیا۔

پاکستان کے بچے بچے کو پتہ چل گیا آئی پی پیز ہماری دشمن ہیں، حکومت نے پنتالیس دن کا ہمارے ساتھ معاہدہ کیا ہے، ہم ایک ایک دن گن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنا معاہدہ پورا کروانا جانتی ہے ایک ایک شق پر عمل درآمد کروائیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں