کراچی چیمبر کا انٹرنیٹ کی سست روی سوشل میڈیا ایپس کی بحالی میں تاخیر پر اظہار تشویش

ڈیجیٹلائزیشن کے دور میں پاکستان انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کی بحالی میں اتنی تاخیر کا متحمل نہیں ہو سکتا، صدر کراچی چیمبر


Ehtisham Mufti August 15, 2024
کراچی چیمبر نے انٹرنیٹ کی فوری بحالی کا مطالبہ کردیا—فوٹو: فائل

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر افتخار احمد شیخ نے ملک میں انٹرنیٹ کی سست روی اور اس کے نتیجے میں سوشل میڈیا ایپلی کیشنز تک محدود رسائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔

افتخار احمد شیخ نے کہا کہ ہمیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ سیفٹی فائر وال کی تنصیب پر انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی معمول پر آجائے گی لیکن یہ مسئلہ اب تک برقرار ہے جس کے نتیجے میں تمام قسم کی کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی چیمبر کو اپنی ممبر فرمز کی جانب سے بڑی تعداد میں شکایات موصول ہو رہی ہیں جنہیں تقریباً ایک ہفتے سے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بالخصوص واٹس ایپ کے ذریعے ملک بھر میں اور بیرون ملک بھی اپنے کلائنٹس سے رابطہ انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم مختلف ٹیلی کمیونی کیشن سروس پرووائیڈرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے، جنہوں نے یقین دلایا تھا کہ رابطے میں جلد بہتری آئے گی لیکن مسئلہ آج تک برقرار ہے اور ایسا لگتا ہے کہ اس میں مزید وقت لگے گا۔

صدر چیمبر آف کامرس نے کہا کہ سست انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی اور ناقص سوشل میڈیا ایپس کی وجہ سے تاجر برادری کو اپنے بین الاقوامی وینڈرز اور خریداروں سے آرڈرز اور دستاویزات وغیرہ حاصل کرنا تقریباً ناممکن نظر آ رہا ہے جس سے انہیں شدید مالی نقصان ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت درست اعداد و شمار بتانا بہت مشکل ہے لیکن غیر ضروری تاخیر کے پیش نظر نقصانات سنگین ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر کے فری لانسرز جو پاکستان سے غیر ملکی کمپنیوں کے لیے دور رہ کر کام کر رہے ہیں انہیں بھی انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کی بحالی میں غیر ضروری تاخیر کی وجہ سے اپنا کام بروقت مکمل کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

افتخار احمد شیخ نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے دور میں پاکستان انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کی بحالی میں اتنی تاخیر کا متحمل نہیں ہو سکتا، جسے جلد از جلد بحال کرنے کی ضرورت ہے بصورت دیگر اس طرح کی تاخیر مالی نقصانات کے ساتھ ساتھ باقی دنیا کو پاکستان کے بارے میں انتہائی منفی پیغام دے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے فری لانسرز اور آئی ٹی پروفیشنلز جو ملک کے لیے اشد ضروری زرمبادلہ کمانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں انہیں اپنے کام کی انجام دہی کے لیے بنیادی ضروریات سے محروم نہیں کیا جانا چاہیے۔

کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونی کیشن اور پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس سنگین معاملے کو دیکھیں اور پورے پاکستان میں انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی مکمل طور پر بحال کرنے کا عمل تیز کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔