بشریٰ بی بی سے 9مئی واقعات پر تفتیش کا پہلا مرحلہ مکمل

راولپنڈی پولیس کی ٹیم نے بشریٰ بی بی سی 30 منٹ تک تفتیش کی اور منصوبہ بندی سے متعلق بھی سوال کیے


عمران اصغر August 15, 2024
بشریٰ بی بی سے 9 مئی واقعات سے متعلق سوالات کیے گئے—فوٹو: فائل

پولیس کی ٹیم نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے اڈیالہ جیل میں تفتیش کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا۔

ایس پی فیصل سلیم کی سربراہی میں راولپنڈی پولیس کی تفتیشی ٹیم میں ڈی ایس پی سکندر، خاتون ڈی ایس پی فوزیہ، انسپکٹر قیصر، یعقوب شاہ اور حسنین علی پر مشتمل تھی۔

جیل ذرائع نے بتایا کہ 9 مئی واقعات پر راولپنڈی پولیس کی ٹیم نے متعلق بشری بی بی سے تفتیش کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا اور ٹیم نے اڈیالہ جیل میں 30منٹ تک بشریٰ بی بی سے تفتیش کی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس ٹیم نے تفتیش کے دوران بشریٰ بی بی سے راولپنڈی میں کیے گئے احتجاج، جلاو گھیراؤ سے متعلق سوالات کیے، حساس مقامات کے سامنے احتجاج کی منصوبہ بندی کے بارے میں سابق خاتون اول سے سوالات کیے گئے۔

جیل ذرائع نے کہا کہ تفتیش کے دوران پولیس نے جمع شواہد کی بنیاد پر بھی مختلف سوالات کیے۔

خیال رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس کو ایک ہفتے میں بشریٰ بی بی سے تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے، اس سے قبل انسداد دہشت گردی عدالت نے 12 اگست کو بشریٰ بی بی کی 12مقدمات میں ضمانت خارج کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں